میٹرک کے سالانہ امتحانات کل بدھ سے شروع، بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئی چھاپہ مار ٹیمیں تیار، امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ ، امتحانی سنٹرز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگا دی گئی

منگل 28 فروری 2017 14:50

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2017ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادسمیت گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، ساہیوال، سرگودھا، ملتان ،بہاولپور، ڈی جی خان ، لاہورکے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات آج یکم مارچ بروز بدھ سے شروع ہوں گے جس کیلئے تمام طلباء و طالبات کو رولنمبر سلپیں جاری کردی گئی ہیں جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 47ہزار سے زائد طلباء و طالبات کیلئے 518 امتحانی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں جن میں سے طالبات کے 219 ، طلباء کے 247، مشترکہ 52امتحانی مراکز میں سے 18کو حساس قرار دے دیا گیا ہے نیز مذکورہ حساس امتحانی مراکز میں فیصل آباد کے 8، جھنگ کے 4، ٹوبہ کے 3، چنیوٹ کے 3امتحانی مراکز بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں آج سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 79000 سے زائد طلباء جبکہ 68ہزار سے زائد طالبات حصہ لے رہی ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ امتحان دینے والے طلباء وطالبات کیلئے فیصل آباد میں 319، جھنگ میں 83، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 86اور چنیوٹ میں 30امتحانی مراکز قائم کرکے وہاں امتحانی عملہ تعینات کردیا گیاہے۔

انہوںنے بتایاکہ ہر امتحانی سنٹر پر بورڈ کی جانب سے ایک سکیورٹی تعینات کیا گیاہے جبکہ متعلقہ تھانوں کے پولیس اہلکار بھی امتحانی مراکز پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔انہوںنے بتایاکہ سکیورٹی گارڈز اسلحہ سے لیس اور میٹل ڈیٹیکٹرز سے آراستہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔دریں اثناء حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کے امتحانی مراکز کی حدود میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کانفاذ کردیاگیاہے جس کے تحت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو امتحانی مرکز کی 100گز کی حدود میں داخلے کی اجازت نہ ہو گی اسی طرح امتحان دینے والے طلباء وطالبات امدادی مواد ، کتب ، گائیڈز ، نوٹس ، ڈیجیٹل ڈائریاں ، موبائل فون وغیرہ ہمراہ نہیں لے جاسکیں گے ۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ تعلیم پنجاب سمیت حکومت پنجاب نے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو میٹرک کے سالانہ امتحان میں بوٹی مافیا کی بیخ کنی کیلئے فوری اقدامات کریں گی۔ فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتا یا کہ تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈی سیز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن اتھارٹیز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ان کے نامزد نمائندے اچانک میٹرک کے امتحانی مراکز کی چیکنگ کریں گے اور بوٹی مافیا کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔

انہوں نے بتا یا کہ حکومت کی جانب سے سیکرٹری تعلیم ، ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ، ڈپٹی سیکرٹریز ایجوکیشن ، ڈائریکٹر کالجز ، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز ، ریذیڈنٹ انسپکٹرز اور متعلقہ تعلیمی اداروں کے پرنسپلز ، ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریسز کو بھی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ میٹرک کے امتحانات کے دوران طلباء و طالبات کے امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے ماریں تاکہ بوٹی مافیا کی بیخ کنی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ اگر کسی جگہ پر اچانک چیکنگ کے دوران کو ئی طالب علم نقل لگاتا ہوا پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور ان کے خلاف ناجائز ذرائع کے استعمال کے کیسز بنا کر انہیں امتحان میں شرکت کیلئے نااہل قرار دے دیا جائیگا۔ انہوںنے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ امتحانی عملہ کو بھی بلیک لسٹ کر کے اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

حکومت پنجاب نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2017ء کے انعقاد کے دوران امتحانی سنٹرز میں تمام طلباء و طالبات کے موبائل فونز لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت عائد کی گئی پابندی میں کہا گیا ہے کہ کسی طالب علم کو پیپرز کے دوران امتحانی سنٹر میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہ ہو گی جبکہ امتحانی عملہ بھی دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا۔

سرکاری ذرائع نے بتا یا کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈی سیز کو ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مذکورہ پابندی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ متعلقہ حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں