ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:25

فیصل آباد۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی مشترکہ طور پر صدارت ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد اور سی پی او اشفاق احمد نے کی۔اجلاس میں صاحبزادہ فیض رسول رضوی،مفتی محمد ضیاء مدنی،ڈاکٹر ممتازحسین کے علاوہ مولانا محمد حفیظ ودیگرعلماکرام نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین نائچ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم اورزیر تربیت افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے عشرہ محرم کے انتظامات پر عملدرآمد اوربعض مذہبی مسائل حل کرنے کے سلسلے میں امن کمیٹی کے ارکان کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ باہمی اتحاد واتفاق اور بھائی چارے کی مثالی فضاء نہ صرف پر سکون محرم الحرام بلکہ پائیدار امن کی ضمانت ہے جس کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور ان کے پیرو کاروں کا جذبہ امن لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان کی جلوسوں کے ہمراہ موجودگی کو کارخیر اورنیک شگون قراردیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کے مذہبی جذبات کے احترام اور رواداری کی بدولت فرقہ واریت کا مسئلہ پیدانہیں ہوسکتا جس کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام کا کردار مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان سے مضبوط رابطہ قائم رہے گا۔سی پی او اشفاق احمد خاں نے کہا کہ ضلع میں تمام مسالک کے علماء کرام انتہائی ذمہ دار اورامن کے داعی ہیں جس کی بدولت مذہبی ہم آہنگی کی فضاء مثالی ہے۔انہوں نے کہا کہ امن قائم رکھنے کی خاطر علماء کرام سمیت تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے ہمیشہ شاندار خدمات انجام دیکر اعلیٰ روایات قائم کی ہیں جو شہر اور ملک سے محبت کا بین ثبوت ہے۔

انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان کا محرم جلوسوں کے ساتھ رہنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار روایت مذہبی ہم آہنگی کا عملی اظہارہے۔اجلاس کے دوران امن کمیٹی کے ارکان نے عاشورہ محرم کے سیکورٹی انتظامات پر گہرے اطمینان کااظہار کیا اور کہا کہ وہ امن کو مقدم رکھتے ہیں جس میں رخنہ اندازی نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے بھرپور تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ دیرپا امن اورپائیدار مذہبی ہم آہنگی کے لئے شاندار روایات کو قائم رکھاجائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں