ی* فیصل آباد کے لئے نئے تعینات ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 14 اکتوبر 2019 22:10

a فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) ضلع فیصل آباد کے لئے نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انہوں نے اپنے دفتر میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ،اسسٹنٹ کمشنرز اورسٹاف سے ملاقات کی اور انہیں دفتری نظم و ضبط و دیگر دفتری امور کے بارے میں اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلی نظم و نسق کو برقرار رکھنے ، عوامی ریلیف ، ضلعی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے سلسلے میں حکومت پالیسیوں پر موثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ دفتری امور کی انجام دہی میں شفافیت اور دیانتداری کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کرنے اور عوامی مسائل کے تیز رفتار حل پر زور دیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے ڈینگی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے فوری طور پر الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کے بہتر علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران سے کہا کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں کوئی کمزوری یا تعطل نہیں آنا چاہئے۔ انہوں نے ڈینگی کے خلاف مہم کو مزید تیز کرنے اور عوامی آگاہی کے لئے وسیع البنیاد اقدامات کی تاکید کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں