واسا فیصل آباد میں مون سون سیزن تک کسی قسم کی ٹرانسفر و پوسٹنگ پر پابندی عائد

منگل 14 مئی 2024 21:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد عامر عزیز نے مون سون سیزن تک کسی بھی قسم کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی ہے ، سٹیزن پورٹل اور سی ایم پورٹل پر زیر التواء شکایات پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکایات کے تیز رفتار ازالے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کے حل کے بعد اسے فوری طور پرمتعلقہ پورٹل پر بھی اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ التواء کا شکار شکایت میں نمایاں کمی سامنے آ سکے۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ تمام مین روڈز اور سڑکوں کے ساتھ کھڑا پانی کلیئر کرنے کے لئے واسا افسران و سٹاف خصوصی توجہ دیں کیونکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ساکن پانی کو کلیئر کرنا لازمی ہے جس کے لئے دستیاب مشینری استعمال کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن تک آپریشنز ڈائریکٹوریٹس میں تبادلوں پر پابندی ہو گی اور تمام افسران اور سٹاف اپنی ذمہ داری پوری محنت اور لگن کے ساتھ انجام دیں ۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے مزید کہا کہ کسی بھی شکایت کے ازالے کے لئے آپریشنز سٹاف متحرک اور مستعد رہے جبکہ تمام مشینری بھی فعال ہے اسلئے اب شکایات پر فوری رسپانس ہونا چاہئے۔ اجلاس میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری،ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عمر افتخار خاں،ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا،ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم، فاروق نجیب، ڈائریکٹر ڈرینج ابوبکر اعجاز،ڈپٹی ڈائریکٹر سی آر سی محمد امین ڈوگر و دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں