واسا فیصل آبادکی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کا آغاز سکولوں کی سطح پر شروع کر دیا گیا

بدھ 15 مئی 2024 19:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر شعبہ سٹیزن لائزن سیل کی جانب سے انسداد ڈینگی مہم کے تحت سکولوں میں آگاہی مہم کا نیا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں انچارج سی ایل سی شاہدہ رحمان نے سٹاف کے ہمراہ گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول فار بوائز سرگودھا روڈ کا دورہ کیا اور طالب علموں کو انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔

سی ایل سی سٹاف نے سکول کے طالب علموں میں واسا کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے حامل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔اس ضمن میں ایم ڈی واسا نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی مچھروں کی افزائش میں تیزی آئی ہے تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے جس کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

واسا فیصل آباد کی جانب سے سکولوں کے طالب علموں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے آگاہی مہم جاری ہے جس کا مقصد آج کی نوجوان نسل کو اس خطرناک مچھر سے محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واسا کے تمام دفاتر، ڈسپوزل اسٹیشنز،او ایچ آرز پر بھی صفائی کا خاص خیال رکھا جارہا ہے جبکہ مچھر مار سپرے بھی کرایا گیا ہے تاکہ کسی بھی صورت ڈینگی مچھروں کی افزائش ممکن نہ ہو سکے۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی مہم کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے جس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنا لازمی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں