واسا فیصل آباد کی ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیاں جاری ،188 نادہندگان کے کنکشن منقطع

جمعرات 16 مئی 2024 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) فیصل آباد کی ڈس کنکشن ٹیموں کی ڈیفالٹرز صارفین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مئی کے پہلے 15 روزکے دوران ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے 188 نادہندگان کے کنکشن منقطع جبکہ 44 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی، اسی طرح متعدد صارفین کے چالان کر کے مجسٹریٹ کو بھجوائے گئے ہیں۔

ایسٹ زون میں ڈائریکٹر ریونیو محمد سلیم رانا کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال قادری نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر تنصر عباس اور محسن مسیح و دیگر سٹاف کے اشتراک سے 121 ڈیفالٹرز صارفین کے کنکشن کاٹ دئیے جبکہ 20 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی۔ اسی طرح ویسٹ زون کے ڈائریکٹر محمد اقبال ملک کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹرعبدالرؤف بٹ و دیگر ٹیموں کی جانب سے نادہندہ صارفین کے 67 کنکشن منقطع کئے گئے جبکہ 24 لاکھ 42 ہزار 965 روپے کی ریکوری کی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز نے واضح کیا کہ نادہندگان صارفین بالخصوص ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف خصوصی مہم کا تسلسل جاری ہے اورمئی کے پہلے پندرہ روز میں نادہندہ صارفین کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا صارفین اپنے ماہانہ بلز اور واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ بلز کی ادائیگی سے ہی واسا کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ایم ڈی واسانےبلز کی ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کی شکایات کا اندراج کرنے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ماہانہ بلز کے حوالے سے کسی بھی مسئلے کیلئے صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں