ایف ڈی اے کی کارروائی، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے تعمیراتی ڈھانچے مسمار

جمعرات 16 مئی 2024 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کی انفورسمنٹ اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور دفتر کو سر بمہر جبکہ گلستان کالونی میں پختہ و عارضی تجاوزات کا صفایا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف علاقوں میں قائم کی جانے والی ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت کو چیک کیا تو چک نمبر208 رب کی اراضی پر ماڈل سٹی ایگزیکٹو نام کی ہاؤسنگ سکیم غیر قانونی پائی گئی۔

ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ اینڈ انکراچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے نصب لائٹس کے کھمبوں، نا مکمل سڑکوں اور دیگر تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرکے دفتر کو سیل کردیا اور ڈویلپرزکو متنبہ کیا گیا ہے کہ مزید قانون شکنی سے اجتناب کیا جائے بصورت دیگر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کرایا جاسکتا ہے لہٰذا ہاؤسنگ سکیم کے قیام سے قبل تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی میں عزیز فاطمہ ہسپتال روڈ پر دکانداروں کی طر ف سے کی گئی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے ٹریکٹر ودیگر مشینری کی مدد سے تھڑوں، چھپروں اور حدود سے تجاوز شیڈز سمیت دیگر پختہ وعارضی تجاوزات کا صفایا کردیا اور تجاوزات میں ملوث سامان قبضہ میں لے کر سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ دکانداروں کو وارننگ دی گئی ہے کہ وہ آئندہ عوامی راستوں و سرکاری جگہ پر تجاوزات سے گریز کریں ورنہ قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں