فیصل آباد، انسدادڈینگی کےلئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دینے اور عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 17 مئی 2024 14:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے تمام متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ موجودہ سیزن میںانسداد ڈینگی کےلئے جامع مائیکرو پلان ترتیب دے کر بھرپور ذمہ دارانہ عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور شہریو ں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احساس اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سرویلنس سرگرمیوں کومزید موثر اور نتیجہ خیز بناکر ڈینگی کی ممکنہ افزائش کا تدراک کریں ۔

انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں انسداد ڈینگی کے سلسلے میں انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی مہم جاری رکھی جائے اس سلسلے میں روزانہ کا سرویلنس شیڈول بنا کر عمل درآمد کرائیں جبکہ محکمانہ کوشش کسی لمحہ بھی ماند نہیں پڑنی چاہئیں تاکہ ڈینگی کا مسئلہ سر نہ اٹھا سکے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ گزشتہ سیزن میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کےلئے موثر ترین اقدمات کیے جائیں تاکہ موجودہ سیزن میں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔اجلاس کے دوران اینڈ رائڈ موبائل فونز سے ضلعی محکموں کی سرویلنس سرگرمیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے بعض محکموں کی ناقص کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سرویلنس بہتر بنا کر رپورٹ کرنے کی تاکید کی۔اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور سی ای او ہیلتھ سمیت مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے جبکہ ضلعی کوآرڈینیٹر نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس اور نتائج سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں