مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت

ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے ریونیو ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی مہم تیز کردی

جمعہ 17 مئی 2024 20:45

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے ریونیو ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی مہم تیز کردی گئی ہے جس کے تحت ایسٹ زون میں ریونیو ٹیموں نے 8 کالونیوں میں ریکوری 70 فیصد تک مکمل کرلی ہے جبکہ اسے 90 فیصد سے زائد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ ایم ڈی واسا کی ہدایت پرریونیو ایسٹ زون میں ڈائریکٹر محمد سلیم رانا کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد علی پاشا اور پرویز اقبال چدھڑ نے رحمانیہ ٹائون، ناظم آباد سٹی، ناظم آباد ویلی، ناظم آباد ولاز، فور سیزن، سعید کالونی، عبداللہ کالونی، سرفراز کالونی، ٹیک ٹائون میں ریونیو ریکوری کے حوالے سے خصوصی مہم شروع کررکھی ہے جس کے تحت ان تمام کالونیوں میں واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی ادائیگی بارے مساجد میں اعلان جبکہ نمایاں جگہوں پر بینرز بھی آویزاں کرائے گئے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ڈی نے کہا کہ ان تمام رہائشی کالونیوں میں صارفین کی اکثریت واسا فیصل آباد کے نادہندہ ہیں کئی بار انہیں بلز کی ادائیگی بارے ہدایت کی گئی لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوا لہذا اب ان تمام کالونیوں کے ایسے مکین جو نادہندگان میں شامل ہونگے ان کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشنز منقطع کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ریونیو ریکوری کی خصوصی مہم شروع کی گئی جس کے تحت ان کالونیوں کے رہائشی صارفین اپنے بلز اور واجبات جمع کروا رہے ہیں جو کہ خوش آئند عمل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صارفین بلز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں گے تو ہی واسا اپنی سروسز کو مزید بہتر بنا سکے گا۔ ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ نے واضح کیا کہ خصوصی مہم کے تحت ان تمام کالونیوں سے ریونیو ریکوری جو پہلے 50 فیصد سے بھی کم تھی اب 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ اسے 90 فیصد تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے تمام ٹیمیں محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں