بلڈنگ انسپکٹرز رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، ڈی جی ایف ڈی اے

جمعرات 23 مئی 2024 17:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بلڈنگ انسپکٹرز سے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں بلڈنگ بائی لاز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ، اس ضمن میں مانیٹرنگ کے دوران اگرکسی جگہ خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ بلڈنگ انسپکٹرجواب دہ ہوگا۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیرقانونی کمرشلائزیشن اور بلامنظوری بلڈنگ پلان تعمیر ہونیوالی عمارتوں کے خلاف فوری کارروائی کرکے انہیں سربمہر کریں اور کمرشلائزیشن و بلڈنگ پلان کی منظوری تک ڈی سیل نہ کیاجائے۔ انہوں نے خبردار کیاکہ ایسی قانون شکنی میں اگر ایف ڈی اے کے کسی اہلکار کی ملی بھگت پائی گئی تو اسے محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا لہٰذا سرکاری فرائض کی ادائیگی میں عدم توجہی یا بد دیانتی کی کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے رہائشی جائیدادوں کو کاروباری عمارات میں تبدیل کرنے کیلئے ایف ڈی اے کو موصول ہونیوالی درخواستوں پر تیزی سے محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ درخواست گزاروں کو میرٹ پر ریلیف فراہم کرنے میں تاخیرنہیں ہونی چاہیے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ کمرشلائزیشن فیسوں /واجبات کی وصولی کے حوالے سے نادہندگان کو مزید مہلت نہ دی جائے او ر عدم ادائیگی کی صورت میں متعلقہ عمارتوں کوسیل کرنے سے گریز نہ کریں۔

انہوں نے ریکوری ٹارگٹس پورے کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ مختلف مدات میں دیرینہ نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے افسران سے کہاکہ وہ ریکوری مہم کی پیش رفت کا روزانہ جائزہ لیں اور سٹاف کو دیئے گئے اہداف کو پورا کرنے میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بد دیانت اور کام چور اہلکاروں کا محاسبہ ہوناچاہیے تاکہ عمدہ محکمانہ کارکردگی اور تیز رفتار سروس ڈیلوری میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ رہے۔ انہوں نے محنتی،فرض شناس اور نیک نیتی سے فرائض انجام دینے والے ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں