جامعہ قراقرم کا سفیر ہوں، اس کی تعمیر و ترقی وخوشحالی کیلئے مل کر کام کریں گے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان

پیر 13 مئی 2024 21:40

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہاہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کا اثاثہ ہے، جامعہ قراقرم کا سفیر ہوں، اس کی تعمیروترقی وخوشحالی کے لئے مل کر کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے آئی یو فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سینٹر فار گرین انوویشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت جامعہ قراقرم کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کرنے کی خواہاں ہے جن میں طلبا ء کو انٹرشپ کے مواقع فراہم کرنا،جامعہ کی جانب سے صوبائی حکومت کے مختلف اداروں کو تربیت فراہم کرنا اور صوبائی حکومت کے مختلف منصوبوں میں ڈایزائننگ سمیت تحقیق کے حوالے سے جامعہ کی جانب سے کنسلٹنسی فراہم کرنے جیسے امور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بہت جلد جامعہ کے ساتھ مل کر ان امور پر باقاعدہ کام شروع کریں گے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے مزید کہاکہ گلگت بلتستان ملک عزیز کی ترقی کے لیے اہمیت کا حامل ہے، ہم سب نے مل کر گلگت بلتستان کے وسائل جن میں جنگل،پہاڑ اور گلیشیئر ز کے ذخائر کے تحفظ کو یقینی بناناہے تاکہ آنے والی نسلیں بہترین انداز میں زندگی بسر کرسکیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں جامعہ قراقرم کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہاکہ جامعہ میں موجود لیبارٹریز کو کمرشل بنیادوں پر چلانے کے لئے میٹریل ٹیسٹنگ،مائننگ ٹیسٹنگ، لوہے،کنکریٹ سمیت دیگر ٹیسٹنگ کے لیے اقدامات اٹھائے جس سے جامعہ معاشی خود مختاری کی جانب گامزن ہوسکے۔اس حوالے سے صوبائی حکومت بھی تعاون فراہم کرے گی۔ قبل ازیں افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے جامعہ قراقرم کے وژن،مشن اور گزشتہ پانچ سالوں میں ہونے والی ڈویلپمنٹ سمیت مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی اور کہاکہ جامعہ قراقرم صوبائی حکومت کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ مختلف منصوبوں پر کنسلٹنسی کے طور پر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے آئی یو کے طلباء کے لیے خصوصی سکالرشپ مہیاکرنے سمیت جامعہ کے انفراسٹریکچر و دیگر سہولیات کی بہتری کے لیے خصوصی تعاون کریں۔ان سے قبل ایکسیلیریٹ پراسپریٹی کی کنٹری ڈائریکٹر روما لبیب نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں