گلگت بلتستان میں تمباکو کی مصنوعات کے استعمال سے پیدا ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی ورکشاپ

منگل 14 مئی 2024 22:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور گلگت یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سماجی تنظیم سیڈونے صحافیوں کیلئے تمباکو کے استعمال سے پیدا ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ سے سیڈو کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن منیجر ذوہیب اختر ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر گلگت نزاکت علی، اور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر دیامر عبد الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیڈو گلگت بلتستان میں گزشتہ کئی سالوں سے اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے اور علاقے سے تمباکو اور اس سے بننے والی منصوعات اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف کام کر رہا ہے، اب تک معاشرے میں تمباکو منصوعات کے استعمال سے پیدا ہونے والے نقصانات سے متعلق شعور اور آگہی کو فروغ دینے، سرکاری سطح پر اس کی روک تھام کے لئے قانون سازی سمیت مختلف سرگرمیوں کے ذریعے کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

تمباکو منصوعات اور نشہ آور اشیاء جیسے تمباکو سے بننے والی جدید مصنوعات جن کو ایمرجنگ ٹوبیکو پراڈکٹ بھی کہا جاتا ہے جن میں ای سیگریٹس، آئس اور نت نئے ناموں کے ساتھ ہمارے معاشرے میں پھیل رہی ہیں اور بدقسمتی سے ان کا استعمال ہو رہا ہے جس سے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سیڈو ان جان لیوا اور نشہ آور اشیاء کے خلاف حکومت گلگت بلتستان کے تعاون سے موثر انداز میں کام کر رہا ہے، اس سلسلے میں میڈیا کا کردار کلیدی رہا ہے ۔ اس موقع پر صحافیوں نے یقین دلایا کہ تمباکو مصنوعات کے خلاف سیڈو کی مہم کا حصہ بنیں گے اور عوام میں تمباکو منصوعات کے نقصانات سے متعلق آگاہی کیلئے خبریں، کالم اور فیچرز تحریر کئے جائیں گے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں