وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ کا پہلا اجلاس ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل فعال بنانے کی ہدایت

جمعرات 23 مئی 2024 18:10

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ کا پہلا باقاعدہ اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر پلاننگ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل کو فعال بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پرفیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین بور ڈآف انوسٹمنٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ کا مستقل ممبر ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گلگت بلتستان کے روشن مستقبل اور عوام کے وسیع تر مفاد میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مشکلات دور کئے جائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے متعین کردہ ٹائم لائن کو یقینی بنایا جائے تاکہ غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ کو محکمہ انڈسٹریز کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مناور انڈسٹریل زون کی لینڈ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اخبار ات میں خصوصی اشتہار دیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاری کمپنیاں اپنی دلچسپی کا اظہار کرسکیں جس کے بعد تمام قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مناور انڈسٹریل زون کی لینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے سب سے موزوں کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جاسکے جس میں 49 فیصد انڈسٹریل پلاٹس، 1.4 فیصد کمرشل ایریا، 7.8 فیصد ٹریٹمنٹ پلانٹ، 13.9 فیصد لینڈ فار گرین اور ویجیٹیبل ایریا، 2.4 فیصد زمین گھروں کیلئے مختص کی جائے گی۔

مناور انڈسٹریل زون میں فوڈ پروسسنگ اینڈ کولڈ سٹوریج، پیکنگ اینڈ ویئر ہاؤسز، زرعی آالات، جیم سٹون، ماربل کیلئے مختلف زونز بنائے جائیں گے۔ مناور انڈسٹریل زون کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے عوا م کو 6ہزار بالوسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ 24 ہزار افراد کو بلاواسطہ ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ نے مناور انڈسٹریل زون کو فعال بنانے کیلئے محکمہ انڈسٹریز کو تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میرٹ پر شارٹ لسٹ کئے جانے والی سرمایہ کاری کمپنی کے ساتھ پہلے معاہدہ کرنے کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر پلاننگ راجہ ناصر علی خان، صوبائی وزیر خزانہ انجینئر اسماعیل، چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈ ویلپمنٹ، ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ، محکمہ پلاننگ اور انڈسٹریز کے اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں