سندھ زرعی یونیورسٹی اوریو بی ایل کے درمیان یونیورسٹی کی تجرباتی فیلڈ پر کپاس کی مختلف ورائٹیز کی کاشت کا افتتاح

منگل 7 مئی 2024 22:57

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) سندھ کے کسانوں کو تصدیق شدہ بیج کی درپیش کمی سے نمٹنے کیلئے سندھ زرعی یونیورسٹی اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے درمیان جاری منصوبے کے تحت یونیورسٹی کی تجرباتی فیلڈ پر کپاس کی مختلف ورائٹیز کی کاشت کا افتتاح کیا گیا۔ فیکلٹی آف کراپ پراڈکشن کے ڈین اور یوبی ایل کے ریجنل مینیجر نے بیج لگاکرکاشت کاافتتاح کیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی اور یوبی ایل کے مشترکہ تعاون سے گندم اور کپاس کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کیلئے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے، اس ضمن میں یونیورسٹی کے لطیف فارم کی تجرباتی فیلڈ میں کپاس کی مختلف ورائٹیز کی کاشت کیلئے بیج لگایا گیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے دوران فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن کے ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر نے تصدیق شدہ بیجوں کی کمی سے نمٹنے کے لئے تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو بی ایل کے تعاون سے اس تحقیقاتی فیلڈ میں کپاس اور گندم کے بیجوں کو مختلف موسموں کی مدافعت رکھنے والے بیج تیار کئے جار رہے ہیں جبکہ سندھ زرعی یونیورسٹی جلد ہی اپنی کپاس کی دو اجناس کسانوں تک پہنچائے گی، یو بی ایل کے (رورل بینکنگ) کے ریجنل ہیڈ سید عارف علی شاہ نے یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کے ذریعے، بہترین بیجوں کی کسانوں کی جانب منتقلی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری توجہ اس فیلڈ میں جاری تحقیقات سے بیجوں کی پیداوار کی گنجائش کو بڑھانے پر مرکوز ہیں، سندھ زرعی یونیورسٹی کے سیڈ پروڈکشن اور ڈویلپمنٹ سینٹر (ایس پی ڈی سی)کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد سومرو نے کہا کہ اس تحقیقاتی فیلڈ کے ذریعے زیادہ پیداوار دینے والے اور بیماری سے محفوظ بیجوں کی تیاری کیلئے کام جاری ہے، جس سے صوبے کے کسانوں کو ناقص بیجوں سے نجات دلائی جائے گی، پروجیکٹ کنونر ڈاکٹر شاہنواز مری نے یوبی ایل اور زرعی یونیورسٹی کے بیج کے حوالے سے بریفنگ دی، اس موقع پر ڈاکٹر مجاہد حسین لغاری، ڈاکٹر اعجاز حسین سومرو، ڈاکٹر اللہ ودھایو گانداہی، ڈاکٹر جام غلام مرتضی سھتو، ڈاکٹر تنویر فتاح ابڑو، غلام حسین وگن اور دیگر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں