ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کا ناظم امتحانات کے ہمراہ تعلیمی بورڈ حیدرآبادکے تحت جاری سالانہ نویں ، دسویں جماعت کے مختلف امتحانی مراکز کادورہ

بدھ 15 مئی 2024 23:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احسن علی قریشی نے ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور احمد زئی کے ہمراہ تعلیمی بورڈ حیدرآبادکے تحت جاری سالانہ نویں اور دسویں جماعت کے مختلف امتحانی مراکز کادورہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ طالبعلموں میں نقل کے رجحان کو روکا جائے تاکہ طالبعلم اپنی نصابی تعلیمی محنت اور صلاحیتوں سے امتحان دیکرمعاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔

کمشنر حیدرآباد نے ماڈل سکول اولڈ کیمپس، گرلزسوسائٹی سکول ،گورنمنٹ نیول رائے سکول گول بلڈنگ کے امتحانی مراکزسمیت دیگر مختلف امتحانی مراکزکا تفصیلی دورہ کیااور کلاسز میں جاکرامتحانی عمل کا معائنہ کیا اور طالبعلموں کو نقل سے گریزکرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلبا محنت کرکے اپنے اندرصلاحیت پیدا کریں اور اپنی قابلیت سے امتحان دیں۔

اس موقع پر انٹرنلز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے کمروں میں پینے کے لیے ٹھنڈے پانی، روشنی کویقینی بنایا جائے تاکہ طالبعلموں کوامتحان دینے میں کوئی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔دورے کے دوران ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرزاور حیسکو کے افسران سے ایک اجلاس منعقد ہوچکا ہے جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں اور حیسکو افسران کو ہدایت کی کہ وہ امتحانی وقت کے دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کریں تاکہ طالبعلموں کوامتحان دینے میں کسی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں