سانگھڑ میں مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے کیلئے کثیرالجہتی حکمت عملی تشکیل دے دی گئی

جمعہ 17 مئی 2024 17:54

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) سانگھڑ میں مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے تحت متعلقہ محکموں کو نکاسی آب، برساتی نالوں کی صفائی ستھرائی اور پمپنگ مشینوں کو درست حالت میں رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں جبکہ بارشوں کی صورتحال کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم بھی قائم کیاجائے گا۔

ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت مون سون کی امکانی بارشوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے مون سون کی امکانی بارشوں کے پیش نظر تمام تر انتظامات قبل ازوقت مکمل کرلئے ہیں ، اس کے باوجود بھی تمام تعلقوں میں امکانی برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ نشیبی اور شہری علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے پمپنگ مشینیں درست حالت میں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات دی کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ امکانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں موبائل طبی ٹیمیں روانہ کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے اور گرمی کے پیش نظر ہیٹ ویوز سے بچاؤ کے لئے انتظامات بھی کئے جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دفتر میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جبکہ اسی طرح ہر تعلقہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم جتوئی، ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز احمد شیخ سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں