انسان جب کسی دوسرے کے کام آتا ہے تو اس کے لیے اس سے بڑی کوئی خوشی نہیں ہوتی،سلمان جے ابڑو

سافکو نے ہزاروں لوگوں کو مواقع فراہم کیے ہیں، جن میں سے کئی دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں، سربراہ سافکو

جمعہ 17 مئی 2024 22:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) سافکو کے بانی سربراہ سلیمان جے ابڑو نے کہا ہے کہ سافکو نے ہزاروں لوگوں کو مواقع فراہم کیے ہیں، جن میں سے کئی دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ہم ان کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سافکو کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر الطاف نظامانی جو بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ زندگی ٹرین کے سفر کی طرح ہے، جس میں مسافر مختلف سٹیشنوں پر اترتے ہیں اور ان کی جگہ نئے آتے ہیں۔ ٹرین کے اندر اگر گنجائش ہوتی ہے تو اس مسافر کو کہ جگہ دی جاتی ہے جس کے پاس نشست نہیں ہوتی۔ انسان جب کسی دوسرے کے کام آتا ہے تو اس کے لیے اس سے بڑی کوئی خوشی نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ دل و دماغ میں توازن پیدا کرنے اور اپنے کام اور صلاحیتوں پر اعتماد سے کامیابی کے دروازے کھلتے ہیں، ہمیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ سافکو کے تعاون سے کامیابی حاصل کرتے ہیں، سافکو ایسے لوگوں کے لیے ہمیشہ پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

سافکو بورڈ کے چیئرمین پروفیسر محمد اسماعیل کنبھر نے کہا کہ سندھ میں ایسے لوگ بہت کم ہیں جو تنقیدی سوچ رکھتے ہیں۔ ان لوگوں میں الطاف نظامانی بھی شامل ہیں جو اپنے پیشے سے مخلص ہیں، انہوں نے معاشرے کی ترقی کے لیے بہترین پرپوزل لکھے، جو عالمی اداروں سے منظور اور کامیابی سے تکمیل کو پہنچے۔سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ سافکو معاشرے کی خدمت کے لیے ہمہ جہتی جدوجہد کر رہی ہے، اس کی منزل ابھی بہت دور ہے، تاہم الطاف نظامانی نے اس سفر میں اپنا قابل تحسین تعاون شامل کیا ہے، انہوں نے کہا کہ سافکو گذشتہ 38 برس سے معاشرے کی خدمت کے لیے کثیر جہتی جدوجہد کر رہی ہے، اس کے ویزن اور مشن کے مطابق منزل ابھی دور ہے، تاہم الطاف نظامانی نے اس سفر میں اپنا قابل تحسین حصہ شامل کیا ہے۔

تقریب سے بشیر احمد ابڑو، شوکت حسین ابڑو، سترام سوٹہڑ، شاہد حسین برڑو، مصطفی راجپر، ارم ماریہ، نادیہ لاڑک، اقرا شعیب، سعدیہ ٹالپر، ثمینہ منگنیجو اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور الطاف نظامانی کی خدمات اور صلاحیتوں کو سراہا۔اپنے خطاب میں الطاف نظامانی نے سب کا خاص طور پر سلیمان جی ابڑو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سلیمان جی ابڑو نے مجھے اس شعبے میں بنیادی تربیت دی ہے، میں جو کچھ بھی ہوں سب ان کی رہنمائی کا نتیجہ ہے، آخر میں الطاف نظامانی کو گلدستے، اجرک، لونگی کی شالیں اور دیگر تحائف دیئے گئے جبکہ سافکو کی طرف سے انہیں یادگاری شیلڈ بھی ہیش کی گئی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں