ٹنڈوآدم کے مندر میں ہونے والی چوری کی واردات میں ملوث ملزمان گرفتار، مسروقہ سامان برآمد

بدھ 22 مئی 2024 23:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) پولیس نے ٹنڈوآدم کے مندر میں ہونے والی چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتہ ٹنڈوآدم کے راما پیر مندر میں ہونے والی چوری کی واردات کی تحقیقات کے سلسلے میں ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز احمد شیخ نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹنڈوآدم محمد موسی ابڑو کے سربراہی میں انچارج سی آئی اے سانگھڑ اکبر خان مری، ایس ایچ او ٹنڈوآدم غلام شبیر ڈلوانی، آئی ٹی سانگھڑ کی ٹیکنیکل ٹیم اور ماتحت عملے پر مشتمل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس نے تمام روایتی اور جدید طریقہ تفتیش کو بروے کار لاتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور بالاخر چوری میں ملوث دونوں ملزمان سجاد علی رند اور علی شیر خاصخیلی کو سراغ لگا کر جمن شاہ پاڑہ ٹنڈوآدم سے گرفتار کر لیا۔ مندر سے چوری کیا گیا سامان جس میں سونے کا آرٹیفیشل تاج، مندر کا گھنٹہ، ایک بیٹری، مائیک، اسکرو پانا، کٹر، نقد رقم وغیرہ برآمد کر لیا گیا۔ اس موقع پر مینارٹی کوآرڈینیٹر سانگھڑ راجیش کمار ہرڈیسانی، لیلا رام، راج کمار و دیگر بھی موجود تھے۔ ہندو برادری کی جانب سے پولیس کی مخلصانہ کوششوں اور اعلی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں