یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم ہیں، سٹورز کے لئے خریداری پیپرا رولز کے تحت ہوتی ہے،

حکومت کارپوریشن کے 14ہزار ملازمین کے روزگار کو تحفظ دے گی قومی اسمبلی میں اراکین کے توجہ دلائو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری ملک انور تاج کا ایوان میں اظہارخیال

پیر 16 ستمبر 2019 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن پر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں عام مارکیٹ کے مقابلے میں کم ہیں‘ سٹورز کے لئے خریداری پیپرا رولز کے تحت ہوتی ہے‘ حکومت کارپوریشن کے 14ہزار ملازمین کے روزگار کو تحفظ دے گی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں چوہدری فقیر احمد شہناز سلیم ملک اور دیگر کے توجہ دلائو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری ملک انور تاج نے ایوان کو بتایا کہ جس طرح بہت سارے ادارے موجودہ حکومت کو خسارے میں ملے ہیں ان میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن بھی شامل ہے۔

یوٹیلٹی سٹورز پر بارہ ارب روپے کا خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹورز کے لئے دال‘ چینی‘ چاول‘ گھی اور دیگر ضروری اشیاء کی خریداری پیپرا قوانین کے تحت ہوتی ہے‘ مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے سے کارپوریشن کو خریداری کے لئے قیمتوں میں بھی اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا سالانہ منافع 1.5 ارب روپے تھا لیکن اب یہ خسارے میں ہے۔

حکومت کوشش کر رہی ہے کہ صورتحال میں بہتری لائی جائے۔ گزشتہ ماہ 1.12 ارب روپے کی سیل ہوئی ہے۔ پہلے یہ شرح 29 کروڑ روپے ماہانہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں سٹورز پر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ جہاں پر شکایت ہو وہاں ایکشن لیا جائے گا۔ ملک انور تاج نے کہا کہ اوپن مارکیٹ اور کارپوریشن کے سٹورز پر اشیاء کی قیمتوں میں واضح فرق موجود ہے۔ شہناز سلیم ملک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں کارپوریشن کے 15 ایم ڈی تبدیل ہوئے ہیں۔ موجودہ حکومت بائیو میٹرک سسٹم کو متعارف کرا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو بہتر سمت کی طرف لے جایا جائے۔ حکومت کارپوریشن کے 14ہزار ملازمین کے روزگار کو تحفظ دے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں