فرٹیلائزر کمپنیوں کی جانب سے پیش کردہ جواز مسترد،یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے، رانا تنویر حسین

کسانوں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت خریف سیزن میں یوریا کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیگی، وفاقی وزیر

منگل 30 اپریل 2024 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار نے کہاہے کہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار کی زیر صدارت یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی، اینگرو فرٹیلائزر پرائیویٹ لمیٹڈ اور فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت و پیداوار وسیم اجمل چوہدری شریک ہوئے ۔کھاد کمپنیوں کی جانب سے یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ زیر بحث آیا ۔ وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے کہاکہ یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ وفاقی وزیر نے فرٹیلائزر کمپنیوں کی جانب سے پیش کردہ جواز مسترد کر دیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ کسانوں کی قوت خرید دیکھ کر اضافہ کیا جانا چاہیے،یوریا کھاد کی قیمتوں میں یکطرفہ اور اچانک اضافہ قبول نہیں۔

ترجمان کے مطابق فرٹیلائزر کمپنیوں نے یوریا کھاد کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کے لیے وقت مانگا، فرٹیلائزر کمپنیوں نے 3 دن کا وقت مانگ لیا۔رانا تنویر حسین نے کہاکہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت خریف سیزن میں یوریا کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے گی۔ رانا تنو یر حسین نے کہاکہ 2 لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد کی درآمد کا فیصلہ ہوچکا۔

رانا تنویر حسین نے کہاکہ اگر ضرورت پڑی تو 5 لکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد بھی درآمد کی جائے گی۔رانا تنویر حسین نے یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور نا جائز منافع خوری کو روکنے کے لیے صوبوں کو ہدایت کی ۔فرٹیلائزر کمپنیاں یوریا کھاد کی تقسیم کا منصوبہ ہر ماہ پیشگی شیئر کریں۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ مستقبل میں یوریا کھاد میں اضافے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔انہوںنے کہاکہ ملک میں یوریا کھاد کی پیداواری لاگت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، پیداواری لاگت میں اضافے کے بغیر یوریا کھاد کی قیمت میں اضافہ قبول نہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں