مستحق خواتین کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھنا بی آئی ایس پی کی ترجیحات میں شامل ہے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد

منگل 14 مئی 2024 20:14

مستحق خواتین کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھنا بی آئی ایس پی کی ترجیحات میں شامل ہے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، محترمہ روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایک تعارفی اجلاس کے دوران سینئر انتظامیہ اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کو تما م ضروری سہولیات کی فراہمی غیر متزلزل عزم کی ضرورت پر زور دیا۔

محترمہ روبینہ خالد نے واضح طور پر واضح کیا کہ ان کی قیادت میں بدانتظامی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے بھی چیئرپرسن کے بیان کی توثیق کی۔

(جاری ہے)

مزید برآں محترمہ روبینہ خالد نے آپریشنل صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ذاتی طور پر بی آئی ایس پی کے فیلڈ دفاتر کا دورہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تاکہ اپنی ہدایات پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی ہوسکے۔

محترمہ روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کے لیے بینک اکاؤنٹس کے قیام پر زور دیا، جس سے وہ آزادانہ طور پر اپنے فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں، اس طرح انسانی مداخلت کو ختم کیا جا سکے گا۔مزید برآں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خاندانوں کے بچوں کے لییپیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان کی مشکلات کو دور کرنے اور ان کے خاندان کی فلاح و بہبود کے لیے مثبت کردار ادا کیا جاسکے۔

انہوں نے مستحقین کو غربت سے نکالنے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔چیئرپرسن محترمہ روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی انتظامیہ کو خصوصی طور پر غیر شادی شدہ خواتین اور بیو اؤں کو پروگرام میں شمولیت کے حوالے سے پالیسیاں وضع کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ان خواتین کا شمار معاشرے کے سب سے کمزور طبقات میں ہوتا ہے اس اقدام سے ان کی سماجی و اقتصادی بہبود کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کی طرف سے پروگرام کے بنیادی اقدامات اور نئی پیش رفت پر ایک جامع بریفنگ بھی پیش کی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر طاہر نور کے ہمراہ بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نیاجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں