حرام کی کمائی کھانے سے دعاقبول نہیں ہوتی ‘ ڈاکٹرراغب نعیمی

خریدوفروخت کے دوران دھوکہ دہی کرنیوالا روزمحشرجواب دہ ہوگا‘ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ

جمعہ 10 مئی 2024 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2024ء)ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ حرام کی کمائی کھانے سے دعاقبول نہیں ہوتی خریدوفروخت کے دوران دھوکہ دہی کرنیوالا روزمحشرجواب دہ ہوگا۔حلال اور پاکیزہ کمائی سے انسان کو جو راحت و سکون اور آرام نصیب ہوتا ہے وہ حرام کی کمائی اور ناجائز کمائی سے کسی بھی طرح حاصل نہیں ہوسکتا۔

اسلامی نقطہ نظر سے تاجر پر لازم ہے کہ وہ شے کے معیار کے متعلق صحیح معلومات خریدار کو بتا دے، کسی چیز کے کسی بھی نقص کو نہ چھپائے، اگر چیز میں کوئی نقص پڑگیا ہو تو اسے چھپانے کے بہ جائے خریدار کو سودا طے کرنے سے پہلے آگاہ کردے۔اچھے معیار کی چیز میں گھٹیا شے کی ملاوٹ حرام بھی ہے اور کاروباری اصولوں کے مطابق یہ ناقابل معافی جرم بھی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ کاروباری زندگی میں قدم قدم پر لالچ، حسرتیں اور اندیشے پیچھا کرتے ہیں،جن سے مجبور ہوکر کاروباری حضرات بعض مزید ناپسندیدہ افعال میں ملوث ہوجاتے ہیں۔مسلمان تاجروں کو چاہیے کہ وہ کم نفع پر صبر کی روش اختیار کریں ۔تاجر کو چاہیے کہ خریدار کو کسی قسم کا دھوکا نہ دے۔ناپ تول میں کی نہ کرے۔ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں