دین اسلام انسانیت کی اعلیٰ قدروں کا تحفظ کرتا ہے‘ڈاکٹر حسین محی الدین

بغض، کینہ و عناد کو سینے سے نکال کر اخوت، بھائی چارے، امن، سلامتی کو جگہ دینا ہو گی‘گفتگو

جمعہ 18 جنوری 2019 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ دین اسلام ایک طرف تو بندوں کا رشتہ محبوب حقیقی سے مضبوط کرتا ہے تو دوسری طرف تمام انسانوں کے درمیان محبت، بھائی چارے، بھلائی کی فضا قائم کرتا ہے، اسلام انسانیت کی اعلیٰ قدروں کا تحفظ کرتا ہے، اسلام دین فطرت ہے اور اس کے مادے میں امن، سلامتی، صلح، احترام انسانیت کے وسیع معنی موجود ہیں، دین اسلام نے ایک دوسرے کے خون کے پیاسوں کو بھائی بھائی بنا دیا، صدیوں سے چلی آرہی دشمنیوں کو گہری دوستی اور رشتہ داریوں میں تبدیل کر دیا، ایمان کی مضبوطی کیلئے باہمی اخوت، بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔

وہ جامع المنہاج ماڈل ٹائون میں نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ نفرتوں کی بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا، اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھامتے ہوئے آپس کے بے جا اختلافات کو بھلا کر بغض، کینہ و عناد کو سینے سے نکال کر اخوت، بھائی چارے، امن، سلامتی کو جگہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اسی عمل سے ہم اچھے انسان، اچھے مسلمان اور محسن انسانیت نبی کریمؐ کے اچھے امتی بن سکتے ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے نماز جمعہ کے بعد تحریک منہاج القرآن کے رفقاء، ممبران، عہدیداران اور سینکڑوں نمازیوں سے ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں