معالج اور مریض کا تعلق کبھی ختم نہیں ہوتا ، ڈاکٹر سکندر حیات

منگل 9 اکتوبر 2018 19:49

لاہور۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) معالج اور مریض کا تعلق کبھی ختم نہیں ہوتا کیونکہ سرکاری ملازمت سے سبکدوش ہو جانے کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت جاری رہتی ہے اور اس عظیم مشن کیلئے کام کرنے والے ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، ان خیالات کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رمضان اعظم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر احمد نعیم ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ بانو ، نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ ، پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر رانا پرویز اور دیگر مقررین نے صوبائی میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈائریکٹر ایمر جنسی لاہور جنرل ہسپتال اور پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر سکندر حیات گوندل کی ریٹائرمنٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر فیکلٹی ممبران ، ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد موجود تھی، پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا حسن تھے ، ہیں اور رہیں گے ، پروفیسر سکندر حیات گوندل نے اپنی زندگی کی31 برس طب کے شعبے میں دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر صرف کئے اور اُنکی خدمات بلا شبہ نوجوان ڈاکٹروں کیلئے پیروی کے قابل ہیں، انہوں نے کہا کہ آج ریٹائر ہونے والی شخصیت نے اپنے جونیئر ڈاکٹرز کی رہنمائی میں بھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی اور ہمیشہ مریضوں اور لواحقین کیلئے اُن کے دروازے کھلے رہے ہیں، پروفیسر خالد محمود ، پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر آغا شبیر علی، پروفیسر فاروق افضل ،پروفیسر افسر علی بھٹی اور ڈاکٹر احمد نعیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرجری کے شعبے میں جدید تکنیک متعارف کروائی اور ہمیشہ دوسروں کی تعلیم و تربیت کیلئے پیش پیش رہے ، میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود کے علاوہ مریضوں اور ملازمین کے حقوق کیلئے ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے جو خدمات سر انجام دیں وہ لاہور جنرل ہسپتال کی تاریخ کا روشن باب ہے، ایمرجنسی کی نرسنگ سپروائزر اور دیگر سٹاف نے کہا کہ ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے ڈیڑھ سال ایمرجنسی کے شعبے میں لائق تحسین کام کیا اور نفسانفسی کے اس دور میں اُن کا باعزت ریٹائر ہونا بلا شبہ کسی اعزاز سے کم نہیں، تقریب کے اختتام پر ڈاکٹرسکندر حیات گوندل کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور اُن کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، اس موقع پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر سکندر حیات گوندل نے کہا کہ انہیں جس عزت سے نوازا گیا ہے وہ اس پر سب کے مشکور ہیں اور اسے اپنے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں سمجھتے، واضح رہے کہ پروفیسر سکندر حیات گوندل کے اعزاز میں تین الگ الگ تقریبات ہوئیں، جن کا اہتمام اکیڈمک کونسل پی جی ایم آئی ، اے ایم سی اور ایل جی ایچ ، ایمرجنسی کے ملازمین اور شعبہ سرجری کے ڈاکٹروں نے کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں