ڈی ایچ کیو شیخوپورہ،ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کو سنٹرز آف ایکسیلینس بنایا جارہا ہے،خواجہ عمران نذیر

بدھ 15 مئی 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیرنے کہا ہے کہ میڈیکل اور نرسنگ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کلیدی کردار ہے۔ڈاکٹروں کی بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔زر مبادلہ کمانے کیلئے ہیلتھ پروفیشنلز کو ایکسپورٹ کرنا ہوگا اور اس کے لیے میڈیکل ایجوکیشن کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے مطابق بنانا ہوگا۔

یو ایچ ایس اس حوالے سے لیڈ لے۔وہ بدھ کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے جناح کیمپس کالا شاہ کاکو کے دورے کے موقع پر فیکلٹی سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور،پرو وی سی پروفیسر نادیہ نسیم،سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف،ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر زاہد پرویز، رجسٹرار پروفیسر سارہ غفور، خزانچی بقیع بن حنیف، سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ ڈاکٹر پرویز اقبال سمیت ڈی ایچ کیو شیخوپورہ اور ٹی ایچ کیو مریدکے کی انتظامیہ اور کنسلٹنٹس موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے یو ایچ ایس کے طلبہ کی ان ہسپتالوں میں ٹریننگ کے حوالے سے ایک سال قبل بنائی جانے والی حکومتی کمیٹی کی بے عملی کا سختی سے نوٹس لیا۔انہوں نے اپنے سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے رپورٹ آج ہی پیش کریں تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے۔انہوں نے یو ایچ ایس کے الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگرامز کی طلبہ کی ٹریننگ کو منظم بنانے کے لیے سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ کو فوکل پرسن نامزد کیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، ڈاکٹرز کو عالمی تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیت، سکل بڑھانا ہوگی۔صوبائی وزیر صحت نے اس بات پر زور دیا کہ فیکلٹی میں اپگریڈیشن کے لئے جدید ریسرچ، جدید سٹڈی سے استفادہ کرنا ہوگا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ یو ایچ ایس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ، ٹی ایچ کیو ہسپتال مریدکے کے تمام ڈاکٹرز، سٹاف کو مختلف ڈسپلن میں جدید ٹریننگ دلوائیں گے۔

ڈی ایچ کیو شیخوپورہ، ٹی ایچ کیو مرید کے ہپستالوں کو سنٹرز آف ایکسیلینس بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یو ایچ ایس کے تمام طلبا ان دونوں ہسپتالوں میں کلینکل، سرجری، ڈینٹل، تھیٹریکل سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔یو ایچ ایس دونوں ہسپتالوں کے میڈیکل، سرجیکل وارڈز، تھیٹر، ڈینٹل یونٹس اور انفراسٹرکچر بھی اپ گریڈ کرے گی۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نرسز ہیلتھ سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، نرسز اپنی عالمی تقاضوں کے مطابق تعلیمی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے پی ایچ ڈی کر رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔صوبائی وزیر صحت کا دونوں ہسپتالوں کی اپگریڈیشن کرنے کی کٹمنٹ پر وی سی یوایچ ایس کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں