سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے پہلے ون ڈے کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ،عبدالرؤف ڈراپ ،یاسر عرفات کی واپسی

پیر 12 جنوری 2009 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری۔2008ء) قومی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ ہوم سیریز کے پہلے ون ڈے میچ کیلئے 15رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔نمائندہ اُردوپوائنٹ اعجازوسیم باکھری کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے گزشتہ روز ْقذافی سٹیڈیم میں جس ٹیم کا اعلان کیا اس میں با ئیں ہاتھ کے نوجوان ٹاپ آرڈر بیٹسمین عمر امین کو پہلی مرتبہ قومی سکواڈ میں جگہ ملی ہے۔

19سالہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے عمر امین نے گز شتہ برس ورلڈ کپ انڈر19 اور امسال ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔حیران کن طور پر اوپنر ناصر جمشید اور فاسٹ باؤللر عبدالرؤف سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ناصر جمشید اب تک 9ون ڈے انٹر نیشنل میچوں میں 49کی شاندار اوسط سے 343رنز بنا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

آل راونڈر یاسر عرفات کی ایک سال بعد پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

یاسر عرفات اب تک 9سالہ کیرئیر میں آٹھ ون ڈے میچ کھیل کر صرف48رنز اور چار وکٹیں لے سکیں ہیں ۔ انہوں نے جنوری2008میں آخری مرتبہ زمبابوے کے خلاف ملتان میں ایک روزہ میچ کھیل تھا جس میں نہ تو کوئی وکٹ لے سکے اور نہ ہی کوئی رن بنا سکے تھے۔سہیل خان کی بھی سات ماہ بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پی سی بی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ٹیم صرف پہلے ون ڈے میچ کے لئے ہے ۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس قذافی سٹیڈیم میں چیف سلیکٹر عبدلقادر کی سربراہی میں ہوا جس میں دیگر دو سلیکٹر ز سلیم جعفر اور شعیب محمد نے بھی شرکت کی ۔چےئر مین پی سی بی اعجاز بٹ کی منظوری کے بعد جن 15کھلاڑیوں کے ناموں کا علان کیا گیا وہ یہ ہیں ۔کپتان شعیب ملک، مصباح الحق، سلمان بٹ ، یونس خان ، شاہدآفریدی ، کامران اکمل ، سہیل تنویر، شعیب اختر ، عمرگل ، راؤافتخار انجم ، سعید اجمل ، خرم منظور، سہیل خان ، یاسر عرفات اور عمرامین شامل ہیں۔

یادررہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم اپنے دورہ پاکستان کے پہلے مرحلے کے سلسلے میں 18جنوری کو پاکستان پہنچے گی جہاں تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا افتتاحی معرکہ 21کوکراچی میں کھیلا جائیگا۔دوسرا ون ڈے 24کو لاہور اور تیسرا ایک روزہ میچ 27جنوری کو ملتان میں کھیلا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں