سمارٹ پروگرام کے تحت طویل مدتی اصلاحات کے پیشِ نظر کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ ہوگا، سیکرٹری زراعت

پیر 16 اپریل 2018 22:38

ملتان ۔ 16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمودنے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے کی زراعت کو جدید ترین خطوط پر استوار کر کے ملازمت کے مواقعوں سے ترقی وخوشحالی کا وسیلہ بنانے کے عزم پر کاربند ہے ۔ سمارٹ پروگرام کے تحت طویل مدتی اصلاحات کے پیشِ نظر کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ،عام آدمی کیلئے بہتر اور محفوظ خوراک کی کم قیمت پر دستیابی کے ساتھ ساتھ کھیتوں کھلیانوں اور زراعت سے وابستہ کاروبار و ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع اور آبپاشی کیلئے دستیاب پانی کے بہتر اور کارآمد استعمال جیسے فوائد کا حصول ممکن ہو گا۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ سمارٹ پروجیکٹ کے اس جامع اصلاحاتی پیکیج سے آئندہ پانچ برس کے دوران کاشتکاری سے وابستہ معیشت میں 2.2ارب روپے کے اضافہ کے ساتھ ساتھ 3 لاکھ 50 ہزارنئی ملازمتوں سمیت17لاکھ افراد کو غربت سے چھٹکارہ جیسے کارآمد اور مفید نتائج کی توقع کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام معاشی ناہمواری کی شدت میں کمی اور خواتین و نوجوانوں کیلئے آگے بڑھنے کے مواقع میں اضافے کا ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔

سمارٹ پروگرام کے تحت عالمی بینک 300 ارب روپے کا قرضہ حکومت پنجاب کو زرعی ترویج و ترقی اور کسانوں کی معاشی حالت سدھارنے کیلئے پانچ سالہ مدت میں فراہم کرے گا۔اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی مالی حالت بہتر بنانے کیلئے انہیں جدید ٹیکنالوجی کے متعلقہ فنی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ اس پروگرام میں محکمہ زراعت کے علاوہ دیگر سٹیک ہولڈرز میںلائیواسٹاک،انڈسٹری،فوڈ،پلاننگ اینڈ ڈویلمپنٹ ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔

اس پروگرام کے نتیجے میں زراعت میں ویلیو ایڈیشن کے علاوہ زرعی منڈیوں کا اصلاحاتی پیکج بھی متعارف کروایا جائے گا جس سے نہ صرف صارفین کو معیاری خوراک ملے گی بلکہ کاشتکاروں کا معیارِ زندگی بھی بلند ہوگا۔اس پروگرام کے تحت غربت کے خاتمے اور غیر یقینی موسمی حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے فصلوں کی بیمہ پالیسی (تکافل )کا اجراء کیا جائے گا ۔

آبپاشی کے دستیاب وسائل کو بہتر طور پر استعمال میں لانے کیلئے جدید ذرائع آبپاشی (ہائی ایفیشینی اریگیشن سسٹم )کا استعمال عمل میں لایا جائے گا ۔اسی طرح موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے کلائمینٹ سمارٹ پیکج کا اجراء بھی کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت زرعی فیلڈ رورکرزاور کاشتکاروں کی فنی مہارت میں بہتری کیلئے تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے گا تاکہ پنجاب کی فی ایکڑ زرعی پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں