محرم الحرام ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے،صوبائی وزیر میر سکندر علی خان

پیر 8 اگست 2022 16:32

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر علی خان عمرانی نے یوم عاشور کے موقع پر کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں صبر، استقامت، برداشت، قربانی اور باطل کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے، امام حسینؓ نے میدان کربلا میں اسلام کی بقا اور سربلندی کیلئے عظیم ترین قربانی دی۔ نواسہ رسولؐ کی قربانی نے نہ صرف تاریخ کے دھارے کو تبدیل کرکے رکھ دیا بلکہ قیامت تک کے لیے یہ نظیر قائم کی کہ حق کی طاقتیں باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکاتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی قائم کی ہوئی مثال سے نہ صرف سبق حاصل کریں بلکہ اس پیغام کو سمجھ کر اس پر صدق دل سے عمل کرنے کی کوشش بھی کریں انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سب مسلمانوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اور اپنے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کریں گے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھیں گے انہوں نے کہا کہ شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اور برداشت کا جذبہ پیدا کریں، ہم فرقہ ورانہ ہم آہنگی،بھائی چارے اور یکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں اور اپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں موجودہ وقت میں اتحاد بین المسلمین ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :

نصیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں