یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

جمعرات 23 ستمبر 2021 20:17

پشاور۔23ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 ستمبر2021ء) :یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط گزشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر ندیم احمد چوہدری نے یو ای ٹی پشاور کے کانفرنس ہال میں کیے۔

معاہدہ کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تحقیق و ترقی اور انجینئرنگ کے شعبوں سمیت یونیورسٹی ٹو یونیورسٹی پارٹرنشپ کو فروغ دینا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں جدید صنعتی ترقی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہون نے کہا کہ معاشرے کے مسائل کے حل کیلئے جامعات کے محققین اور پریکٹیشنرز کے مابین باہمی روابط لازمی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت ہمارے محققین اور فیکلٹی سیالکوٹ یونیورسٹی کے ساتھ آر اینڈ ڈی پروگراموں میں معاونت کریں گے۔معاہدے کے تحت انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کا او آر آئی سی آفس یونیورسٹی آف سیالکوٹ کیساتھ تعاون کرے گا اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے فیکلٹی اور طلباء کو لیبارٹریوں میں مشترکہ تحقیقی کام کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا ۔

یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم احمد چوہدری نے کہا کہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ کا قیام 2018 میں عمل میں لیا گیااور اس وقت ہم آٹھ فیکلٹیوں کے ذریعے گیارہ ڈگری پروگرامزآفر کر ررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں جامعات کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا  س سے مقامی صنعت کے ساتھ روابط مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یو ای ٹی پشاور کی بہترین فیکلٹی اور جدید ترین لیبارٹریوں سے استفادہ حاصل کرکے مقامی مسائل کے جدید حل تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ یونیورسٹی کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سینٹر (اے آئی سینٹر ) سے بھی اسفتادہ حاصل کرنے کا اعادہ کیا۔ ڈاکٹر نصرو من اللہ نے کہا کہ یو ای ٹی پشاور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے اساتذہ اور طلباء کو نیشنل آئیڈیاز بینک میں حصہ لینے میں مدد دے گی جس کے لیے ہماری یونیورسٹی پشاور ریجن کا مرکز ہوگا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سحر نور، ڈین فیکلٹی آف مکینیکل انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر سید ریاض اکبر شاہ، ڈائریکٹر ٹی آئی سی، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، چئیرمین شعبہ ایگریکلچرل انجینئرنگ ، پروفیسر ڈاکٹر سعید گل، ڈائریکٹر کیرئیر ڈیویلپمنٹ سینٹر ، ڈاکٹر شمائلہ فاروق، ڈائریکٹر میڈیا، ڈاکٹر طارق محمود خلیل، منیجر او ریک اور یو ای ٹی پشاور اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں