گلی گلی گھوم کر قرآن پاک کے ضعیف نسخے جمع کرنے والا شخص

پشاور کا رہائشی اکبر شاہ گذشتہ 29 سال سے یہی کام کر رہا ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اپریل 2019 12:36

گلی گلی گھوم کر قرآن پاک کے ضعیف نسخے جمع کرنے والا شخص
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : دین و مذہب سے لگاؤ ہر انسان کی قسمت میں نہیں ہوتا لیکن جن لوگوں کو یہ شرف حاصل ہوتا ہے وہ اسی لگاؤ کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیتے ہیں۔ پشاور کا رہائشی ایک شخص بھی اس کی زندہ مثال ہے جس نے مسلمان پر نازل ہوئی کتاب قرآن پاک کے ضعیف نسخے اکٹھے کرنے کو اپنی زندگی کا نہ صرف مقصد بنایا بلکہ وہ گذشتہ 29 سال سے گلی گلی گھوم کر یہی کام کر رہا ہے۔

پشاور کا رہائشی شخص اکبر شاہ گلی گلی گھوم پر قرآن پاک کے ضعیف نسخے اور اوراق جمع کرتا ہے۔ کلام الٰہی کی اس خدمت کو سرانجام دیتے ہوئے اکبر شاہ کو 29 سال ہو گئے ہیں۔ اکبر شاہ کا کہنا ہے کہ میں خود قرآن پاک نہیں پڑھ سکا اور نہ ہی اسے سمجھ سکتا ہوں اسی لیے قرآن پاک کے لیے اس طرح خدمت انجام دے کر اللہ تعالیٰ کی اس کتاب سے اپنی محبت کی پیاس بُجھاتا ہوں۔

(جاری ہے)

اکبر شاہ نے کہا کہ میرے لیے صرف اسی کام میں سکون ہے دوسری کسی چیز میں سکون نہیں ہے۔ انسان ساری زندگی سکون کے پیچھے بھاگتا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے میرے لیے اس کام میں سکون رکھا ہے۔ میں قرآن پاک کے ضعیف نسخے اور اوراق کو اکٹھا کرتا ہوں اور شہر میں موجود گودام میں رکھتا ہوں۔ اکبر شاہ ان تمام نسخوں اور اوراق کو شہر سے باہر لے جا کر دفنا دیتے ہیں۔

اس حوالے سے اکبر شاہ نے بتایا کہ میں یہ تمام نسخے اور اوراق جمع کر کے اسے جمرود لے جاتا ہوں جہاں ان کی تدفین کے لیے دس گز کی قبر کھودی جاتی ہے اور پھر ان اوراق اور نسخوں کو دفنا دیا جاتا ہے۔ اکبر شاہ نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میرے ساتھ اس نیک کام میں مدد کرنے والے شہریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں بھی اکبر شاہ کی مدد کر کے سکون قلب حاصل ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں