محکمے کے انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا،سیکرٹری اطلاعات قیصرعالم

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:04

پشاور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) سیکرٹری محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا قیصر عالم نے انفارمیشن افسران پر زور دیا ہے کہ وہ تعلقات عامہ کے نئے رحجانات اور جدید تکنیکیس سے خود کو آراستہ کرکے جدید دور کے تقاضوں کو پورا کریں تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی بطریق احسن ادا کرسکیں۔ وہ منگل کے روز یہاں ڈائریکٹریٹ جنرل انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز میں انفارمیشن افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن اینڈ ٖپی آر فرودس خان ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز انفارمیشن انصار اللہ خلجی اور محکمہ اطلاعات کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

قیصر عالم نے کہاکہ ابلاغ کا ایک بہترین طریقہ کار حکومت کی کارکردگی کا آئینہ دار ہوتا ہے انہو ںنے کہاکہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی کارکردگی اور ماحول کار میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ دیگر اداروں کی طرح محکمہ اطلاعات کے ،کی پرفارمنس انڈیکیٹرز (KPis)ہیں جو محکمے اور ہر افسر کی کارکردگی کا تعین کرتے ہیں جبکہ دیگر محکموں کے برعکس محکمہ اطلاعات کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر تجزیہ کیا جاتا ہے ۔

قیصر عالم نے یقین دلایا کہ محکمے کے انسانی وسائل کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے گا اس لئے محکمے کے افسران کو بھی اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی تاکہ وہ دیگر محکموں کے لئے ایک مثال بن سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ اطلاعات کے افسران پیشہ ورانہ تربیت حاصل کریں، تربیت کے دوران اور بعد میں افسران کی کارکردگی ان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی انہو ںنے زور دے کر کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو ترقی دی جائے گی۔

حکومتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ کے افسران پرزور دیا کہ فنڈز کا منصفانہ استعمال یقینی بنائیں اور کفایت شعاری کے اقدامات پر بھی عمل کریں۔انہوں نے افسران پرزور دیا کہ ایک دوسرے کو باہمی عزت دیا کریں اور جونیئر افسران کو چاہئے کہ اپنے سینئر افسران کی عزت کریں انہو ںنے ریجنل انفارمیشن افسران کو خصوصی ہدایت دی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کیساتھ قریبی روابط رکھیں اور حکومتی پالیسیوں کی تشہیر کو یقینی بنائیں۔ قیصر عالم نے پختونحوا ریڈیو کے منیجرز کو بھی ہدایت دی کہ وہ اپنے ریڈیو کے پروگرامز میں بہتری لائیں اور اپنے پروگراموں کے ذریعے حکومتی اقدامات کی تشہیر کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں