چاوموس فیسٹیول ، آپس میں محبت بانٹنے کیلئے آٹے سے بنی اشیاء ہمسایوں میں تقسیم

چاوموس فیسٹیول میں اپنے منڈاہیک اور شارا بریک کی رسم ادا کردی گئی ، منڈاہیک تہوار میں کیلاشی اپنے وفات پاجانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں خاموشی کرتے ہیں

اتوار 16 دسمبر 2018 19:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) کیلاش میں شروع ہونے والے چاوموس فیسٹیول میں مختلف تہوار مکمل ہو گئے ، گزشتہ روز منڈاہیک اور شارا بیرایک کی رسم ادا کردی گئی،شارابیرایک تہوار میں کیلاشی اپنے گھروں میں آٹے سے مختلف اشیاء جس میں مارخور، چرواہے، گائے ، اپنے بزرگوں کی نشانیاں اور دیگر مختلف چیزیں بناتے ہیں جس کو آگ میں پکانے کے بعد دھوپ میں رکھا جاتا ہے اور تیار ہوجانے کے بعد اس کو اپنے ہمسایوں میں تحفہ کے طور پر تقسیم کرتے ہیں ، جس کا مقصد خوشحالی ، سالگرہ اور چاوموس فیسٹیول کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ، اس دوران یہ اپنے رسمی گانے ، نغمے گنگنا کر خوشی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ منڈاہیک تہوار میں کیلاشی قبیلے کے افراد ہاتھوں میں پائن درخت کی لکڑی میں آگ جلا کر پانچ منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہیں جو کے ان کے وفات پا جانے والے عزیزو اقارب کی یاد میں ہوتی ہیں ، ان کے مطابق یہ روشنی قبرستان میں نہیں کرتے جبکہ کمیونٹی ہال میں کرتے ہیں اور یہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کے وفات پا جانے والے رشتہ داراس روز ان کے خاندان اوران سے ملنے آتے ہیں ، 7دسمبر سے شروع ہونے والا چاوموس فیسٹیول 22دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے سینئر صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان کی ہدایت پر کیلاش میں شروع ہونے والے چاوموس فیسٹیول کیلئے شہر کو چراغاں کرنے ،مختلف مقامات ، گلیوں ، چوراہوں، کمیونٹی سنٹر اور دیگر مقامات پر لائٹس کا انتظام بھی کیا ہے جبکہ اس کے علاوہ دیگر انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ کیلاش کو آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جاسکیں،چاوموس فیسٹیول کیلئے غیر ملکی سیاحوں کی کثیر تعداد نے بھی کیلاش قبیلے کا رخ کرلیا ہے جس کیلئے ٹورازم انفارمیشن سنٹر چترال میں باقاعدہ طور پر انفارمیشن ڈیسک کے ذریعے تمام سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات اور معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ سیاح بہترین رہنمائی میں متعلقہ علاقوں کا رخ کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں