کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مزید 25 غیر قانونی تعمیرات رکوا دیں

کاغان ویلی کے ہوٹلز مالکان اور دکانداروں میں 10 ہزار ماحول دوست شاپنگ بیگز تقسیم کے ڈی اے کی سیاحتی علاقے میں تجاوزات خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن کی منصوبہ بندی، فائنل نوٹسز جاری

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے زیر اختیار سیاحتی علاقے کاغان ویلی میں جاری مزید 25 غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں رکوا دیں اور پابندی کے باوجود عمارات اور ہوٹلز تعمیر کرنے والوں کے خلاف اور تجاوزات خاتمے کے لیے کارروائی کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

اسی طرح سیاحتی علاقے کے ہوٹلز مالکان اور تاجروں میں ماحول دوست شاپنگ بیگز بھی تقسیم کیے گئے ۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی ای) کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے یہ کارروائیاں گزشتہ 5 روز کے دوران ناران بازار، بٹہ کنڈی اور مین ناران جلکھڈ روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں کی گئیں۔

(جاری ہے)

کے ڈی اے کے افسران گزشتہ 2 ماہ کے عرصے میں اس طرح کی کارروائیوں کے دوران 63 غیر قانونی تعمیرات رکوا چکے ہیں۔

وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی جانب سے سیاحتی علاقے میں جاری غیر قانونی تعمیرات بند کرانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے تاکہ سیاحتی مقامات کو بے ہنگم آباد کاری اور علاقے کے قدرتی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔ وزیر بلدیات کی انہی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے زیر انتظام سیاحتی علاقے میں نہ صرف غیر قانونی تعمیرات پر مکمل پابندی عائد کی بلکہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی فہیم سجاد کی ہدایت پر کے ڈی اے کے فیلڈ سٹاف نے ناران بازار، بٹہ کنڈی، شوگراں اور کاغان بازار کے ہوٹلز مالکان اور دکانداروں میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران 10 ہزار بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز بھی تقسیم کیے ہیں جس کا مقصد قدرتی ماحول کو اس عفریت سے بچانا اور ہوٹلز مالکان اور دکانداروں سمیت سیاحوں کو ماحول دوست شاپرز کے استعمال کی جانب راغب کرنا ہے۔ اسی طرح کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی زیر اختیار سیاحتی علاقے کاغان ویلی میں تجاوزات خاتمے کے لیے بھی بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تجاوزات کرنے والوں کو کئی بار مطلع کرنے کے بعد اب فائنل نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں