واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان او رگورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کے طلباء کے زیر اہتمام دس روزہ خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے آگاہی واک

بدھ 27 جنوری 2021 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2021ء) واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان او رگورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کے طلباء کے زیر اہتمام دس روزہ خصوصی صفائی مہم کے حوالے سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر امیر خان اور متحدہ طلباء محاذ کے صدر عباس خان کررہے تھے۔ واک کے شرکاء کالج چوک سے کینال روڈ تک گئے اور انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر صفائی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجنیئر امیر خان نے کہاکہ اپنے روشن مستقبل کے لئے ہمیں صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد کرنا چاہیئے۔ دس روزہ خصوصی صفائی مہم کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیئے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور جا بجا گندگی پھینکنے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

کمپنی کی جانب سے مردان کے شہریوں کو صفائی ،نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں لیکن عوام کے تعاون کے بغیر مردان شہر کو صفائی کے حوالے سے ایک ماڈل شہر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیںہوسکتا ۔

انہوںنے کہاکہ صفائی ایمان کاجز ہے اور ہمیں اس پر عمل کرنا چاہئے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مردان شہر کو کچرے سے پاک اور خوبصورت شہربنایا جاسکے۔اس موقع پر متحدہ طلباء محاذ کے صدر عباس خان نے کہاکہ مردان شہر کو ایک ماڈل شہر بنانے کے لئے ہم کمپنی کے ساتھ ہرقسم کا تعاون کریں گے۔ماحول کو صاف او ر کچرے سے پاک کرنے کے لئے طلباء ہر موڑ پر کمپنی کاساتھ دیںگے۔

انہوں نے کہاکہ مردان کی صفائی میں بہتری آ رہی ہے اور بہت جلد مردان شہر صفائی کے حوالے سے دوسروں کے لئے قابل تقلید ہوگا۔واک میں واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی کے منیجر میونسپل سروسز خلیل اکبر،اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ ،چیف سینٹری انسپکٹر ساجد خان اورسینٹری انسپکٹر عبد الحکم کے علاوہ اساتذہ، طلباء اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں