صوبائی وزیر خوراک کی زیر صدارت خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کاکردگی و جاری منصوبوں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس

شہریوں کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوردنی مصنوعات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں، طاہر شاہ طورو کی متعلقہ افسران کو ہدایت

منگل 23 اپریل 2024 03:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ شہریوں کومعیاری خوراکی مصنوعات کی فراہمی کیلئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے بعد عنقریب مزید پانچ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کیساتھ ساتھ سٹیٹ آف دی آرٹ لیب کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کاکردگی اور جاری و نئے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفننگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اشتیاق خان اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل نے فوڈ اتھارٹی کی کاکردگی اور جاری و مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت بارے تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ لیب پر کام آخری مراحل میں ہے جسے جلد ختمی شکل دی جائے گی اور پانچ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی خریداری بھی مکمل ہو چکی ہے جس سے فیلڈ میں موقع پر خوردونوش اشیاء کے نمونوں کی ٹیسٹنگ کا آغاز عنقریب کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے 21 اضلاع میں فوڈ سیفٹی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور مزید کچھ ضم اضلاع سمیت چھ اضلاع میں توسیع بھی دی جائے گی ڈائریکٹر جنرل کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ عوام میں مضر صحت خوردونوش اشیاء اور متوازن غذا کے حوالے آگاہی کیلئے نیوٹریشن ونگ کو مزید بڑھا رہے ہیں ۔بریفنگ کے دوران صوبائی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ صوبے میں خوراک کے کاروباروں کی حلال سرٹیفیکیشن کے لئے فوڈ اتھارٹی میں لائحہ عمل تیاری پر بھی کام جاری ہے اسکے علاؤہ ریسٹورنٹس، دودھ شاپس اور گوشت شاپس کی اسٹار ریٹنگ کا منصوبہ بھی فوڈ اتھارٹی نے ضلع پشاور میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا ہے جسے صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔

اجلاس کو صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ جاری منصوبوں کو جلد از جلد ختمی شکل دی جائے اور شفافیت کو ہرصورت یقینی بھی بنایا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں تک معیاری خوراک کی رسائی یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت ہمہ وقت تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں