کامیابی حاصل کرنے اور اقوام عالم کا ہم پلہ بننے کے لیے ہمیں تمام تر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، صوبائی وزیر میناخان آفریدی

بدھ 24 اپریل 2024 19:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر رونما ہونے تبدیلیاں تقاضا کرتی ہے کہ ہمیں نہ صرف تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے بلکہ کامیابی حاصل کرنے اور اقوام عالم کا ہم پلہ بننے کے لیے ہمیں تمام تر شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا، اس سلسلے میں ہمیں اپنی آنے والی نسل کو مہارتوں اور صلاحیتوں سے لیس کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یو کے کے وفد کا پاک آسٹریا فاخاشولے یونیورسٹی ہری پور کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور محکمہ اعلیٰ تعلیم شانہ بشانہ مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہیں، عالمی سطح پر تعلیم کے شعبے میں تبدیلیاں متقاضی ہیں کہ ہم روایتی طریقوں سے جدید طریقہ تدریس کی طرف متوجہ ہوں اور بچوں کو بہترین مہارتوں سے ہم آہنگ کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر اقوام عالم کا مقابلہ کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں تمام ممالک ہر شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھارہے ہیں اس سے ہمارے طلباء، فیکلٹی اورا دارے بھی آگے بڑھ سکیں گ۔ انہوں نے کہا کہ پاک آسٹریا فاخاشولے یونیورسٹی ہمارے صوبے اور ملک کے نوجوانوں کو ایک آسان فلیٹ فارم مہیا کررہی ہے تاکہ وہ اس مقابلے کی دنیا میں اپنا مقام پیدا کرسکے اور صوبے کو علم اور معیشت کا مرکز بنا سکے عالمی سطح پر تعلیم کے شعبوں میں تعاون سے سیکھنے کے عمل کو فروغ حاصل ہوگا اور ہمارے ادارے اور طلبہ بھی ریسرچ اورجدت میں کمال حاصل کرسکیں گے۔

میناخان آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو جدید اعلیٰ تعلیم سے روشناس کرانے انہیں آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کےلیے عالمی سطح پر کاوشیں جاری رکھےگی تاکہ ہماری نوجوان نسل اقوام عالم میں کامیاب ہو اور وہ اکیسویں صدی کے مواقعوں سے فائدہ اٹھاسکے اور چیلنجز کا جرات سے سامنا کرسکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں