مشیربرائےکھیل خیبرپختونخوا نےمارشل آرٹ کے مایہ نازاتھلیٹ عرفان محسود کو 5لاکھ کاچیک بطورانعام دیا

بدھ 24 اپریل 2024 22:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے مارشل آرٹ کے مایہ ناز اتھلیٹ عرفان محسود کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے 5 لاکھ روپے کا چیک بطورانعام دیا اور انہیں اعزازی کوچ کے طور پر لینے کا بھی اعلان کیا۔مشیر کھیل نے یقین دہانی کرائی کہ لیجنڈ کھلاڑی عرفان محسود کی حوصلہ افزائی کرنے اور انکے خدمات کے اعتراف میں حکومت کی جانب سے انکی تمغہ امتیاز کیلئے بھی سفارش کی جائے گی۔

اس حوالے سے بدھ کے روز مارشل آرٹ اتھلیٹ عرفان محسود نے وزیر اعلی کے مشیر کھیل کیساتھ انکے دفتر میں ملاقات کی اور انکے ساتھ مارشل آرٹ کے حوالے سے صوبے میں سرگرمیوں اور اتھلیٹس کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشیر کھیل کو متعلقہ کھیل کے حوالے سے اپنی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں سیکرٹری سپورٹس مطیع اللہ اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹ عبدالناصر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مشیر کھیل کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلی کی سرپرستی میں کھیلوں کے فروغ کےلئے اقدامات کررہی ہے جسکا مقصد صوبے میں کھیلوں جیسے مثبت سرگرمیوں کا فروغ ہے۔ مشیر کھیل نے کہا کہ اس صوبے سے تعلق رکھنے والے سپورٹس سٹارز ہمارے ہیروز ہیں جو پوری دنیا میں ہماری مثبت تصویر کشی کرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں پر صحت مندانہ سرگرمیاں پروان چڑھیں جس کے لئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور تمام کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی سطح پر اپنی استعداد کے مطابق اپنے کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں گے تاکہ ان کی مناسب حوصلہ افزائی ہو سکیں۔انہوں نے عرفان محسود کیلئے ڈی آئی خان سپورٹس کمپلیکس میں بطور اعزازی کوچ لینے کا اعلان بھی کیا جبکہ وزیر اعلی کی جانب سے انہیں نقد انعام کا چیک بھی حوالے کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں