وزیرصحت سید قاسم علی شاہ کی سٹی ماڈل سکول کے سپورٹس ویک اور اینول ڈے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

ہفتہ 27 اپریل 2024 20:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ہفتہ کو سٹی ماڈل سکول واقع رشید آباد چارسدہ روڈ میں منعقدہ سپورٹس ویک کی اختتامی اور اینول ڈے پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سکول ڈائریکٹر محمد عرفان سیٹھی اور ممبر کینٹ بورڈ محمد اُسید سیٹھی کے علاوہ طلبا ء و طالبات کے والدین بھی موجود تھے۔

وزیر صحت نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ سیٹھی خاندان کے صوبہ میں تعلیم کی ترویج کیلئے گراں قدر خدمات ہیں اور اس بابت تاریخ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ سکول میں غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے بچوں کی شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ان کی شخصیت میں خود اعتمادی کا عنصر بھی نشونما پاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں کو بہتر کارکردگی اور والدین کو بچوں کی بہتر تربیت پر داد دی۔

انہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور ان ہی بچوں میں سے آگے جاکر ہماری قوم کے معمار بنیں گے۔ انہوں نے سکول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا ء و طالبات میں شیلڈ اور انعامات تقسیم کئے۔تقریب میں بچوں نے نظم، نعت، ڈرامے اور ٹیبلوز پیش کئے اور ملی نغمے بھی گائے۔ والدین نے طلباء و طالبات کے ہنر کی خوب داد دی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں