وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت اجلاس،تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 13 مئی 2024 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کی تیاری سے متعلق اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ آبنوشی، آبپاشی اور مواصلات کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ ہائے مواصلات ، آبنوشی اور آبپاشی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز الوکیشن اور دیگر امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو تکمیل کے قریب منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل نہ کئے جائیں جن پر مقررہ وقت میں عملدرآمد ممکن نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے ضرورت کی بنیاد پر ترجیحی منصوبے تجویز کئے جائیں اور نئے منصوبوں میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں پہلے کام نہیں ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صرف وہ سکیمیں شامل کی جائیں جو ہر لحاظ سے قابل عمل ہوں۔ جو منصوبے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل ہوں ان کے لئے سالانہ خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں اس طرح یہ سکیمیں بروقت مکمل ہوسکیں گی اور ان کا فائدہ بلاتاخیر عوام تک پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فلٹریشن کے منصوبے تجویز کئے جائیں جبکہ جنوبی اضلاع میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مبینہ طور پر سرکاری ٹیوب ویلز کا پانی بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے تمام ورکس ڈیپارٹمنٹس کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کے لئے اپنی استعداد کو بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں