یو ای ٹی پشاور میں انسداد منشیات، منشیات کے تباہ کن اثرات سے آگاہی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد

بدھ 15 مئی 2024 23:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں اینٹی نارکوٹکس اسٹوڈنٹ سوسائٹی یوای ٹی پشاور اور فضائیہ کالج آف ایجوکیشن فار ویمن (پشاور کیمپس) کے اشتراک سے انسداد منشیات، منشیات کے تباہ کن اثرات سے آگاہی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ میں منشیات کی لت کے خلاف آگاہی پھیلانا تھا۔

سیمینارمیں ندا سید کلینیکل سائیکالوجسٹ، لیکچرر فضائیہ اور ڈائریکٹر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول،خیبر پختونخوا سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔ ندا سید نے شرکا ء سے خطاب میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال اور لت کے نفسیاتی جسمانی پہلوؤں کے حوالے سے آگاہی دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے منشیات کی سپلائی کو کم کرنے کے لیے نوجوانوں کی کاؤنسلنگ کی اور موٹیویشن تھراپی پر معلومات فراہم کی اور نشے کے عادی کا بطور مریض علاج کرنے اور بحالی کے عمل کے لیے ہمیشہ ہمدرد رہنے کا مشورہ دیا۔

صوفیان حقانی نے سامعین کو ٹیکنالوجی اور جدید خطوط کی مدد سے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور منشیات کے سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے محکمہ کے نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں اور طلباء پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور منشیات کے سمگلروں کی نشاندہی کرنے اور انسداد منشیات کی پالیسی کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے میں حکومت کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں منشیات فروش گرفتار ہیں اور منشیات سمگلروں کو کوئی رعایت نہیں دی جارہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر سحر نور ڈین فیکلٹی آف میکنیکل،کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ نے یقین دلایا کہ یو ای ٹی پشاور تعلیمی اداروں کے لیے ایچ ای سی کی انسداد منشیات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ ہاسٹلز اور یونیورسٹی کے احاطے میں اس کے مناسب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے نظام موجود ہے۔

ڈاکٹر خضر اعظم رجسٹرار یو ای ٹی پشاور نے کہا، یو ای ٹی پشاور کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہے، جو طلبہ میں منشیات کے رجحان کا مقابلہ کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال جواب کا سیشن منعقد ہوا۔ بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر سحر نور نے مہمان مقررین کو سوونیئرز پیش کیے۔ سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹرشہزاد خٹک ڈائریکٹر انڈر گریجویٹ، پروفیسرڈاکٹرافضل خان، پرووسٹ، فیکلٹی ممبران اورآئی ایم سائنسز، شعبہ نفسیات، یونیورسٹی آف پشاور، ایف سی اے ڈبلیو کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں