منشیات سے پاک پشاور کیلئے الخدمت فائونڈیشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مہم کا جلد دوبارہ آغاز کریں گے، کمشنر پشاور ڈویژن

جمعرات 16 مئی 2024 20:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک پشاور کیلئے الخدمت فائونڈیشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مہم کا جلد دوبارہ آغاز کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ہسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاور میں الخدمت فائونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی زیرصدارت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں الخدمت فائونڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص،الخدمت ہسپتال نشترآبادپشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اقتدار احمد روغانی،تاجررہنماء احتشام حلیم،الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی میڈیا منیجر نور الواحد جدون سمیت پشاور کے مختلف ہسپتالوں اور نرسنگ کالجوں کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص نے کہا کہ نرسنگ اور تیمارداری جہاں صحت کے شعبہ میں ایک کلیدی کردار اداکررہا ہے وہاں اسے اسلام نے بھی بڑی اہمیت دی ہے، نرسنگ ایک مقدس پیشہ ہے جو کہ حقیقی معنوں میں خدمت انسانیت سے عبارت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ہمارے معاشرے اور ملک کا وہ خوبصورت چہرہ ہےجس پر بجاطور پر ہرمحب وطن شہری فخرکرتا ہے انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے الخدمت نے جو تقریب منعقد کی ہے اس پرالخدمت ہسپتال پشاور کے ڈاکٹراقتدار احمد اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کمشنر کی حیثیت سے پشاور میں تعیناتی کے دوران مختلف فلاحی اداروں کے اشتراک سے نشے سے پاک پشاور مہم کے دوران نشے کے عادی افراد کے علاج اور بحالی کے ذریعے 2397 افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کا موقع فراہم کیا اور اس مہم کے دوران سب سے کلیدی کردار الخدمت ہسپتال نشترآبادپشاور کا تھا جن کی پشت پر 24گھنٹے جدید ڈائیگناسٹک لیب کی سہولیات میسر تھیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور میں بطور کمشنر دوبارہ تعیناتی کے بعد میں نشے سے پاک پشاور مہم شروع کرنے کیلئے تیاریوں کا آغاز کیا ہے اور انشاء اللہ جلد الخدمت فائونڈیشن اور دیگر فلاحی اداروں کے اشتراک سے نشے کے عادی افراد کےعلاج اور بحالی کے لٸے عملی اقدامات کا آغاز کریں گے ، اس مقصد کیلئے میں نے محکمہ سماجی بہبودکے ساتھ ابتدائی ہوم ورک مکمل کیا ہے اور جلد وزیراعلی سے ملاقات کرکے نشے سے پاک پشاور مہم کے دوبارہ آغازکریں گے۔اس موقع پر انہوں نے نمایاں خدمات پر مختلف ہسپتالوں اور نرسنگ کالجوں میں تعینات نرسنگ سٹاف میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں