صنعتی زونز کی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے صوبے میں زیر تکمیل پن بجلی گھروں کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے،عبدالکریم

جمعرات 16 مئی 2024 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے ہدایت کی ہے کہ صنعتی زونز کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے صوبے میں قائم ہونے والے زیر تکمیل پن بجلی گھروں کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نئے منصوبوں کے قیام کیلئے درکار مراحل کا عمل ایک مختصر ٹائم لائن کے اندر پورا کیا جائے تاکہ ان کے ذریعے صوبے میں صنعتی زونز کو بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انھوں نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ انرجی اینڈ پاور اپنی پاور اینڈ ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام پر بھی کام تیز کریں تاکہ صوبے کے توانائی شعبے کیلئے اس نوعیت کی ذاتی کمپنی موجود ہو، پن بجلی گھروں سے صنعتی زونز کو توانائی فراہمی کیلئے ترسیلی لائن میں مختلف سرمایہ کاروں کے خدمات سے استفادہ اٹھایا جاسکتا ہے جن پر متعلقہ حکام غور کریں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز محکمہ صنعت کے کمیٹی روم میں صنعتی زونز کو توانائی کی فراہمی کے امور کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں صوبہ بھر میں خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے تحت قائم اکنامک زونز کو ضروری توانائی کی ترسیل کے حوالے سے اب تک ہونے والی پراگریس سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری انرجی اینڈ پاور، چیف ایگزیکٹیو افسر کے پی ایزڈمک،ایم ڈی ایس آئی ڈی بی اورایڈیشنل سیکٹری صنعت کے علاؤہ صنعتی زونز کو ٹرانسمیشن لائنز فراہم کرنے والی خواہشمند سرمایہ کار گروپ کارپوریشن کے سی ای او سلیم عمران سواتی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرمایہ کار گروپ نے انرجی سیکٹر میں اپنے پراجیکٹس اور صنعتی زونز کو مختلف پن بجلی گھروں سے بجلی لائن کی ترسیل میں اپنے ممکنہ خدمات کی فراہمی کے حوالے سے فورم کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر کے پی ایزڈمک نے صنعتی زونز کو موجودہ ضروریات اور مستقبل کے انرجی ضروریات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں جبکہ اس سلسلے میں محکمہ انرجی اینڈ پاور کے تحت قائم ہونے والے پن بجلی گھروں کے تکمیل کے مختلف ٹائم لائنز اور نئے منصوبوں کے حوالے سے پیڈو نمائندوں نے معاون خصوصی کو تمام توانائی منصوبوں سے مرحلہ وار آگاہ کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ صوبے میں صنعتوں کو توانائی کی فراہمی کی انتہائی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صنعت،کے پی ایزڈمک اور انرجی اینڈ پاور اپنی متعین ذمہ داریوں کو تیزی کیساتھ پوری کرے اور صنعتوں کو بجلی کے ٹرانسمیشن لائینز جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

انھوں نے کہا صنعتی زونز کو ٹرانسمیشن لائینز لے جانے کیلئے سرمایہ کار اپنی دلچسپی ظاہر کررہے ہیں تاہم سرکاری محکموں کی جانب سے اپنی ذمہ داریوں میں لچک دکھانے کی ضرورت ہے تاکہ صنعتکاروں کے توانائی ضروریات کا یہ اہم مسلہ پورا ہو جائے اور یہاں پر صنعتکاری پروان چڑھے۔انھوں نے کہا کہ اینرجی اینڈ پاور کے تحت صوبے کی اپنی پاور ریگولیٹری اور ٹرانسمیشن کمپنی کے قیام کا عمل تیز کیا جائے جبکہ پیڈو کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایک مختصر ٹائم لائن کے اندر اندر اپنے زیر تکمیل توانائی منصوبوں کو جلد ازجلد مکمل کریں تاکہ ان سے پیداوار شروع ہو جائے جبکہ نئے منصوبوں کے تعمیراتی کام میں تیزی لائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں