بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں، مشال یوسفزئی

جمعہ 17 مئی 2024 23:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین مشال اعظم یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچے ہماری ذمہ داری ہیں، بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور اس کے موثر نفاذ کے لیے ضروری وسائل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ یونیسیف کا خیبرپختونخوا کے بچوں کی مدد کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چائلڈ میرج بل کو جلد صوبائی اسمبلی سے منظور کریں گے۔ یتیم بچوں کے لیے متبادل دیکھ بھال کی سہولیات اور خیبر پختونخوا کے مزید اضلاع میں چائلڈ کورٹس اور زمونگ کور منصوبے کی توسیع کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور کے مقامی ہوٹل میں چائلڈ پروٹیکشن کیس مینجمنٹ پر دس روزہ فاؤنڈیشن لیول ٹریننگ کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے شرکاء کی لگن اور عزم کو سراہا۔ یونیسیف کے پشاور میں فیلڈ آفس کے چیف رادوسلاو رزہاک نے اپنے خطاب میں خیبر پختونخوا حکومت اور خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کی اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے قیام کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی جمہوری حکومت یونیسیف کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے نظام میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی حمایت جاری رکھے گی۔

تقریب سے چیف پروٹیکشن آفیسر اعجاز خان اور یونیسیف کے حکام نے بھی خطاب کیا۔چائلڈ پروٹیکشن کیس مینجمنٹ پر 10 روزہ تربیتی پروگرام کا مقصد چائلڈ پروٹیکشن یونٹس میں کام کرنے والے پیشہ ور افراد کو ضروری مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنا ہے تاکہ بچوں کے ساتھ مختلف کیسز اور رپورٹس کا مؤثر طریقے سے جائزہ لے سکے اور ان کی صحت و حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ تربیت یونیسیف کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں بارہ ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹس (سی پی یو) کے تمام عملے کے لیے ایک لازمی کورس کے طور پر منعقد کی گئی تھی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں