خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس،مالی سال2022-23کیلئے 306ارب52کروڑ96لاکھ47ہزار505روپے کا ضمنی بجٹ پاس

منگل 21 مئی 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2024ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے مالی سال2022-23کےلئے 306ارب52کروڑ96لاکھ47ہزار505روپے کا ضمنی بجٹ پاس کرتے ہوئے سرکاری محکموں سے متعلق تمام 53مطالبات زرکی منظوری دیدی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی استدعا پراپوزیشن اراکین نے اپنی تمام کٹوتی کی تحاریکیں واپس لے لی تھیں۔ منگل کے روزصوبائی اسمبلی کااجلاس سپیکربابرسلیم سواتی کی زیرصدارت شروع ہوا ۔

صوبائی وزیرخزانہ آفتاب عالم نے سرکاری محکموں کے حوالے سے 53مطالبات زر ایک ایک کرکے پیش کئے ،اس دوران سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم نے ایوان کی رائے سے تمام مطالبات زر کی منظوری دیتے ہوئے ضمنی بجٹ پاس کرلیا ۔ آخرمیں صوبائی وزیرقانون وخزانہ آفتاب عالم نے بجٹ منظوری پر اپوزیشن وحکومتی اراکین کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ توقع رکھتاہوں کہ اپوزیشن تنقید برائے تنقید کی بجائے ہماری اصلاح کےلئے کوشاں رہے گی ،آئندہ مالی سال کابجٹ ہماراہوگا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ بجٹ نگران حکومت کابجٹ تھا جسے پاس کرنا ہماری مجبوری اس لئے بھی تھی کہ ہم نے نظام چلاناتھا ،عوام کے وسیع ترمفاد میں نگران حکومت کابجٹ پاس کیا،امیدہے کہ آنےوالے بجٹ میں اپوزیشن ہمارابھرپورساتھ دیگی ،ہمارے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے یہاں غربت،بیروزگاری اورامن وامان کا مسئلہ ہے ،اپوزیشن اور حکومت کو مل کر اس صوبے کو مثالی صوبہ بناناہے ۔انہوں نے بجٹ تیاری پر سرکاری محکموں کے افسران،اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین اورکوریج پر میڈیاکا شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں