ڈپٹی کمشنر و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 23 مئی 2024 17:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی مردان فیاض خان شیرپاؤ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور فوڈ انسپکٹرز نے اداروں کی نمائندگی کی جبکہ پریس کلب کی جانب سے صدر پریس کلب مردان، گیس ایسوسی ایشن، نان بائی ایسوسی ایشن اور بیکرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نے اپنے اپنے شعبوں کی نمائندگی کی۔

اجلاس میں مہنگائی کم ہونے کے پیش نظر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے حوالہ سے تفصیلی جائزہ اور تجاویز لی گئیں۔ اجلاس میں بیکری آئٹمز ، روٹی نان، ہوٹلز گیس سلنڈر کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے نئی ریٹ لسٹس جاری کر نے کی تجویز پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ تاجر برادری سرکاری نرخ اور وزن کے مطابق اشیا فروخت کریں تاکہ عوام اور تاجران دونوں کو فائدہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر مردان فیاض خان شیرپاؤ نے واضح کیا کہ تمام ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت خدمت کیلئے پیش پیش ہوگی، تاجروں سے بھی التماس ہے کہ اس حوالے سے بھر پور تعاون کریں تاکہ تاجران کو درپیش تمام مسائل بروقت حل ہوں۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مردان فیاض خان شیرپاؤ نے نانبائیوں کو ہدایات جاری کیں وہ روٹی اور نان کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ سرکاری طور پر روٹی 120 گرام 15 روپے جبکہ نان 240 گرام کا ریٹ 30 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کائنات چاول نمبر 1 پرانا 310 روپے سے کم ہو کر 270، دال چنا موٹی نمبر ون 250 روپے سے 245 روپے، دال مسور موٹی ملکہ 320 روپے سے کم ہو کر 300 روپے، چاول سیلہ ٹوٹا پکا سادہ 200 روپے سے کم ہو کر 175روپے، کائنات چاول نمبر (2) 245 سے کم ہو کر 200 روپے، سوجی 150 روپے سے کم ہو کر 125 روپے کئے گئے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر مردان فیاض خان شیرپاو نے ہوٹل، بیکرز ایسوسی ایشن، کریانہ سٹور مالکان اور تندور مالکان کو ہدایت کی کہ روٹی کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور ہوٹلوں، بیکریز اور تندوروں پر نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں