سوات، محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیراہتمام گرلز سپورٹس مقابلوں میں سیدو شریف اور ڈگر کے گرلز کالجز نے میدان مار لیا

جمعہ 17 مئی 2024 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کے زیراہتمام سوات میں گرلز سپورٹس مقابلوں میں سیدو شریف اور ڈگر کے گرلز کالجز نے میدان مار لیا۔ انٹر کالجز سپورٹس ضلع سوات کے مختلف مقابلوں میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سیدوشریف نے والی بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گرلز ڈگری کالج ڈگر نے کرکٹ میں پہلی، والی بال اور بیڈمنٹن میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بریکوٹ نے ٹیبل ٹینس میں دوسری اور مدین کی ٹیم نے بیڈمنٹن کے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ میں سوات زون کے مختلف گورنمنٹ گرلز کالجز نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات ،ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج سیدوشریف میں منعقد ہوئی جس میں ملاکنڈ ریجن کے ڈائریکٹر پروفیسر عنایت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس محکمہ اعلیٰ تعلیم محمد عمران، کالج پرنسپل بخت تسلیم اور دیگر کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمران نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے، صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کے احکامات پر کالجز کے لیے سپورٹس کلینڈر کے پروپوزل پر کام شروع کیا گیا ہے جس پر صوبائی وزیر کو بہت جلد بریفنگ دینگے۔ تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں