وزیر اعلیٰ کے دفتر کی گیلری میں تمام سابق وزراء اعلیٰ کی پورٹریٹ آویزاں ہیں،ترجمان وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ

ہفتہ 15 دسمبر 2018 00:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ سے سابق وزیر اعلیٰ سردار عطاء اللہ مینگل کی تصویرہٹائے جانے کے حوالے سے دئیے گئے منفی تاثر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی طور پر وزیر اعلیٰ کے دفتر کی گیلری میں تمام سابق وزراء اعلیٰ کی پورٹریٹ آویزاں ہیں وزیر اعلیٰ جام کمال خان نے ان پورٹریٹس کو مزید بہتر اور مکمل بنانے کی ہدایت کی ہے اور معروف آرٹسٹ پروفیسر اکرم دوست کو یہ فریضہ سونپا گیاہے سابق وزیر اعلیٰ سردار عطاء مینگل کی پورٹریٹ سب سے بہتر ہے لہذاپروفیسر اکرم دوست کو یہ پورٹریٹ نمونے کے طور پر دی گئی ہے تاکہ دیگر سابق وزراء اعلیٰ کے پورٹریٹ بھی اسی طرز پر بنائے جائیں اور اس پورٹریٹ گیلری کو مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے کہ پورٹریٹ مکمل ہونے پر سابق وزیراعلیٰ سردار عطااللہ مینگل سمیت تمام سابق وزراء اعلیٰ کے پوٹریٹ گیلری میں آویزاں کر کے اسے مکمل کر دیا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں