وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا خواتین کی ذہنی صحت سے متعلق اظہارِ خیال

جمعرات 7 اگست 2025 18:28

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کہا ہےکہ آج کی عورت زندگی کے ہر میدان میں سرگرم ہے لیکن بسا اوقات اسے اپنی ذہنی اور جذباتی کیفیات کے لیے وہ توجہ نہیں ملتی جو درکار ہوتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ ایک خاموش لیکن خطرناک مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے خواتین کو خود سے محبت کرنا سیکھنا ہوگا، مناسب نیند، متوازن غذا، مثبت خیالات، تخلیقی مشاغل اور روحانی وابستگی ذہنی سکون کے لیے ضروری عناصر ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے ایک خوبصورت مثال دیتے ہوئے کہا کہ’’ کوانٹم فزکس ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ ہر ایٹم، خواہ وہ ساکت ہی کیوں نہ دکھائی دے، اپنے اندر مسلسل توانائی اور ارتعاش رکھتا ہے‘‘، بالکل اسی طرح ایک خاموش اور دباؤ کا شکار خاتون بھی اندرونی طور پر طاقت اور تخلیقی توانائی سے بھرپور ہوتی ہے، جب وہ خود کو پہچان لیتی ہے تو پھر اُس کے لیے کوئی رکاوٹ ناقابلِ عبور نہیں رہتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ نہ صرف طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کی ذہنی و جذباتی فلاح کو بھی اپنی پالیسی کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔ یونیورسٹی میں باقاعدگی سے کونسلنگ سیشنز، موٹیویشنل ورکشاپس اور ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جو طالبات کو اندر سے مضبوط اور مطمئن بنائیں۔انہوں نے خواتین اور طالبات سے اپیل کی کہ اپنے احساسات کو دبائیں مت، ان سے بات کریں، اُنہیں سمجھیں، مدد مانگنا کمزوری نہیں بلکہ فہم و شعور کی علامت ہے، جب آپ اپنی اصل پہچان کو تسلیم کرتے ہیں تو پھر دنیا بھی آپ کو وہی پہچان دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں