سیالکوٹ بار انصاف، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی، چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ

پیر 13 اکتوبر 2025 17:34

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ چوہدری عرفان اللّٰہ وڑائچ نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک انسانی حقوق کا تحفظ یقینی نہ بنایا جائے ، ایک منصفانہ معاشرہ صرف اُس وقت قائم ہوتا ہے جب قانون سب کے لیے برابر ہو، شہریوں کو انصاف تک بلا امتیاز رسائی حاصل ہو، قانون کی بالادستی ، انسانی حقوق کا تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں کیونکہ جہاں انصاف تاخیر کا شکار ہوتا ہے وہاں ظلم کو تقویت ملتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار روم میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرتی انصاف کے قیام میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے، ہر وکیل پر لازم ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری ایمانداری، دیانت اور خلوص سے نبھائے تاکہ عوام کا عدلیہ پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کا تعلق باہمی احترام، قانون کی پاسداری اور عوامی خدمت کے جذبے پر استوار ہونا چاہیے، ایک مضبوط عدالتی نظام ہی جمہوری اداروں کی بقاء کی ضمانت ہے۔

صدر ڈسٹرکٹ بار نے کہا کہ انسانی حقوق کے فروغ اور قانون کی حکمرانی کے لیے بار ایسوسی ایشن مختلف آگاہی پروگرامز، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کرے گی تاکہ وکلاء اور شہریوں میں شعور پیدا ہو۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک مہذب معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں قانون سب پر یکساں لاگو ہو اور انصاف سب کے لیے قابلِ رسائی ہو، ہم عہد کرتے ہیں کہ سیالکوٹ بار انصاف، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں