Munir Hussain

Munir Hussain

منیر حسین

بیک وقت اردو اور پنجابی فلموں میں کامیابی ملی

منگل 27 ستمبر 2022

وقار اشرف
وراسٹائل پلے بیک گلوکار منیر حسین کو مداحوں سے بچھڑے 27 برس بیت گئے۔وہ 27 ستمبر 1995ء کو راہی ملک عدم ہو گئے تھے۔اپنے انتہائی عروج کے دور میں سلیم رضا کے بعد وہ پاکستان کے دوسرے مقبول اور مصروف ترین فلمی گلوکار تھے،وہ پاکستان کے پہلے گلوکار تھے جنہیں بیک وقت اُردو اور پنجابی فلموں میں کامیابی ملی۔

ایک موسیقار گھرانے سے تعلق رکھنے والے منیر حسین کے سگے ماموں رشید عطرے پاکستان کے عظیم موسیقار تھے جبکہ ان کے خالہ زاد بھائی صفدر حسین بھی اعلیٰ پائے کے موسیقار تھے اس طرح پاکستان میں سب سے زیادہ فلموں کی موسیقی دینے والے موسیقار وجاہت عطرے ان کے ماموں زاد بھائی تھے۔منیر حسین کو اپنی پہلی ہی فلم ”سات لاکھ“ کے سدا بہار گیت ”قرار لوٹنے والے تو پیار کو ترسے“ کی ریکارڈنگ کے لئے ان کے ماموں رشید عطرے نے بڑی تیاری کروائی تھی،منیر حسین کا گیت ”دلاں ٹھہر جا یار دا نظارہ لین دے“ ان کی شہرت کا باعث بنا۔

(جاری ہے)


منیر حسین نے فنی زندگی کا آغاز فلم ”سات لاکھ“ سے کیا اور پہلے ہی نغمے ”قرار لوٹنے والے“ نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا۔موسیقار صفدر حسین نے انہیں فلمی دنیا میں متعارف کروایا جن کی فلم ”حاتم“ کے لئے انہوں نے نغمہ ”تیرے محلوں کی چھاؤں میں قرار اپنا لٹا بیٹھے“ گایا اور پہلے ہی نغمے نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
اس کے بعد موسیقار رشید عطرے،خواجہ خورشید انور اور اے حمید نے ان کی آواز سے بھرپور فائدہ اُٹھایا۔
منیر حسین اور سلیم رضا نے 1950ء اور 1960ء کی دہائی میں پاکستان فلم انڈسٹری میں پلے بیک گلوکاری کے شعبے میں راج کیا۔اپنے 36 سالہ کیریئر کے دوران منیر حسین نے 163 فلموں کے لئے 217 گانے گائے جن میں اُردو کے علاوہ پنجابی گانے بھی شامل تھے۔ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ ڈوئٹ ”اِک چیز گواچی“ بھی مقبول ہوا تھا جو پنجابی فلم ”نوراں“ میں شامل تھا۔
منیر حسین کو اگرچہ شہرت فلم ”سات لاکھ“ کے گانوں سے ملی لیکن ”نوراں“ ان کی پہلی فلم تھی۔فلم ”مکھڑا“ کے لئے ”دلاں ٹھہر جا یار دا نظارا لین دے“ بھی ان کے مقبول ترین گانوں میں شامل ہے لیکن ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ فلم ”ہیر رانجھا“ کیلئے ڈوئٹ ”ونجھلی والڑیا“ ان کا سدا بہار گیت ہے،اس گانے کو خواجہ رشید انور نے کمپوز کیا تھا احمد راہی اس شہر آفاق گیت کے خالق تھے۔

Browse More Articles of Music